کشمیر کے مسئلہ کی وجہ سے پاکستانی اور بھارتی عوام تباہی وبربادی کا شکار ہیں‘مانیہ سومرو، دونوں ملکوں کو کشمیریوں کے معاملات پر سنجیدگی سے بات کرکے اس مسئلے کو حل کرنا چاہیے اور کشمیریوں کا حق آزادی تسلیم کرتے ہوئے انکی خواہش کے مطابق آزادی دی جائے

پیر 23 ستمبر 2013 15:25

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 23ستمبر 2013ء) بھٹائی ویلفیئر آر گنائزیشن کے زیر اہتمام امن کے عالمی دن کے موقع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔سیمینار میں کراچی سے امن کے لیے کام کرنے والی معروف قانون دان مانیہ سومرو اور بھٹائی آرگنائزیشن کے صدر اور پریس کلب ٹنڈو محمد خان کے سابق صدر رمضان شورو نے بھی خطاب کیا۔

امن کے حوالے سے ہونیوالے سیمینا ر میں مسئلہ کشمیر کو موضع بنایا گیا۔ بھٹائی ویلفےئر کے صدر رمضان شورو نے کشمیر کے سوال پر تفصیلی بات کرتے ہوئے کہاکہ کشمیرکے مسئلہ کی وجہ سے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مستقبل کشید گی رہتی ہے جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے عوام تباہی اور بربادی کے شکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ہندوستان دونوں ملکوں کو کشمیریوں کے معاملات پر سنجیدگی سے بات کرکے اس مسئلے کو حل کرنا چاہیے اور کشمیریوں کا حق آزادی تسلیم کرتے ہوئے انکی خواہش کے مطابق آزادی دی جائے۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مانیہ سومرو ایڈووکیٹ نے کہا کہ امن ساری د نیا کے لیے ضروری ہے ۔امن کے بغیر ایک خوبصورت معاشرہ تشکیل نہیں پا سکتا۔ اس خطے میں امن کو لاحق خطرات کی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے تاکہ امن قائم ہوسکے انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر بنیادی مسئلہ ہے لیکن داخلی مسائل بھی پاکستان کو منزل سے دور لے جارہے ہیں ۔

انہوں نے امن سے محبت کرنیوالے سب لوگو ں سے اپیل کی کے وہ امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ آخر میں ایک قرارداد کے ذریعے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کی مذمت کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ بلوچستان ،کے پی کے اور کراچی میں امن بری طرح تباہ ہوچکاہے ۔حکومت امن قائم کرنے میں ناکا م ہو چکی ہے۔ امن کے قیام کے لیے معاشرے کے ہرفرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :

ٹنڈو محمد خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں