حجاز ہسپتال: غریب عوام کے لئے ایک نعمت

پیر 12 اکتوبر 2015

Hafiz Zohaib Tayyab

حافظ ذوہیب طیب

اللہ والوں کے بقول : جس چیز کے بھی تم ضرورت مند ہو وہ چیز اپنی ا ستطا عت کے مطابق لوگوں میں تقسیم کر نا شروع کر دو، رزق کی کشادگی چاہتے ہو تو لوگوں کو کھانا کھلاؤ، عزت میں اضافہ کے طلبگار ہو تو لوگوں کی عزت کر نا شروع کردو، یہاں تک کہ انسانی ذہن کی جو بھی خواہشات ہیں یہ کلیہ ان تما م پر پوری طرح لاگو ہو تا ہے اور جس کے 100فیصد نتائج بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔


قارئین ! میں نے جن بھی لوگوں کو اس کلیہ کو اپنی زندگی میں استعمال کرتے ہوئے دیکھا ، حیرت انگیز طور پر یہ لوگ رزق، عزت، شہرت اور کامیابی کے بام عروج پر پہنچے ۔ انہی میں سے ایک ،خدمت انسا نیت کے علمبردار انعام الٰہی اثر بھی ہیں ۔حاجی صاحب نیک نیت ہو نے کے ساتھ خد مت انسانی کے عظیم مشن کا” عَلم“ تھامے ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ 35 سال قبل ایک چھوٹی سی ڈسپنسری سے شروع ہونے والا یہ سفر حجاز ہسپتال کی وسیع ترین عمارت تک جا پہنچا ہے۔

(جاری ہے)


قارئین کرام ! صحت کا شعبہ ایسا شعبہ ہے جس پر ہمارے حکمرانوں نے کبھی سنجید گی سے غور نہیں کیا۔یہی وجہ ہے کہ پنجاب اور بالخصو ص لاہور کے سر کاری ہسپتالوں کی حالت زار خستہ حال ہوتی جا رہی ہے۔ جہاں لوگوں کو ذلیل و خوار ہو نا پڑتا ہے، کئی کئی روز انتظار کی سولی پر لٹک کرانتظار کر نا پڑتا ہے۔ مفت ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولت ختم ہو نے کی وجہ سے لوگ سود پر رقم لے کر اپنے پیاروں کا علاج کرانے پر مجبور ہیں ۔

ان حالات میں حجاز ہسپتال شہر لاہور کا واحد ایسا ہسپتال ہے جہاں نامور اور تجربہ کار ڈاکٹرز اور پیرا میڈکل سٹاف خلوص، جذبے اور لگن کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کا عزم کئے ہوئے لوگوں کو صحت کی سہولیات ، ان کی عزت نفس کو بحال رکھتے ہوئے عا لمی معیار کے مطابق بالکل مفت فراہم کر نے کے ساتھ ساتھ نادار مریضوں اور ان کے نگہبانوں( (Attendentکو بھی تین وقت کا کھانا بلا معاوضہ فراہم کر رہا ہے۔

جبکہ حجاز فری ڈائیلا سز سنٹر میں روزانہ 21مریضوں کو مفت ڈائیلا سز کی سہولیات بھی میسر ہیں جس کی کوئی پرچی فیس بھی وصول نہیں کی جاتی ہے۔
دل، گردہ، معدہ، ناک،کان، گلہ، دانت، امراض بچگان، آرتھو پیڈک سمیت30سے زائد شعبہ جات پوری طرح فعال اور متحرک ہیں جہاں کاتما م عملہ اپنا فرض سمجھتے ہوئے رنگ و نسل سے بالا تر ہو کے، لوگوں کی خد مت میں مصروف عمل ہے۔

گذشتہ کئی سالوں سے حجاز ہسپتال کے کئی شعبہ جات میں جدید ترین اور پیچیدہ آپریشنز نہایت کامیاب نتائج کے ساتھ سر انجام دئیے گئے ہیں ۔
اس میں سے ہی ایک 25سالہ عاشق حسین نامی غریب ڈینٹر پینٹر ہے جو ڈیڑھ سال قبل روڈ ایکسیڈنٹ میں زخمی ہو گیا جس میں اس کے گھٹنوں پر شدید اندرونی چوٹ آئی جس کی وجہ سے وہ چلنے اور کھڑا ہو نے سے بھی قاصر ہو گیا تھا اور یوں گھر کے واحد کفیل کا بیمار ہو نے کی وجہ سے پورا گھر فاقوں پر مجبور ہو گیا تھا۔

مختلف سر کاری ہسپتالوں کا طواف کرتے کرتے اور صرف چند ادویات لکھ کر جب ہر جگہ سے اس کو دھکے کھانے کو ملے اور لمبی ہو تی معذوری کی وجہ سے اسے نوکری سے بھی فارغ کر دیا گیا تو ایک صاحب نے عاشق حسین کو حجا ز ہسپتال بھیجوا یا جہاں ملک کے مایہ ناز آرتھو پیڈک سرجن نے زمانہ حاضر کے کمیاب آپریشن ” آرتھرو اسکو پک “ طریقے سے اس کا علاج کیا اور صرف دو ہفتوں کے بعد یہ مکمل صحت یاب ہو گیا ۔

اس مستحق مریض کے تما م تر اخراجات حجاز ہسپتال کی انتظامیہ نے برداشت کئے جس کے بعد عاشق حسین صحت مند زندگی گذارتے ہوئے اپنا اور اپنے گھر والوں کا پیٹ پال رہا ہے۔
قارئین !مجھے فخر ہے کہ میں ایک ایسی قوم سے تعلق رکھتا ہوں کہ جسے معلوم ہو جائے کہ میرا پیسہ ٹھیک جگہ پر خرچ ہو رہا ہے تو یہ اپنا دل بھی نکال کر دینے کو تیا ر ہو جا تے ہیں ۔

یہی وجہ ہے کہ حاجی انعام الٰہی تاثیراور ان کی پو ری فیملی کے ساتھ ، سہیل اقبال وہرہ جیسے صاحب ثروت لوگ بھی حجاز ہسپتال کے قافلہ میں شریک ہیں اور یہ قافلہ روز بروز بڑھتا چلا جا رہا ہے۔
حجاز ہسپتال میں مریضوں کو دستیاب معیاری علاج اور سہولیات کی وجہ سے روز بروز مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے جس کے پیش نظر ہسپتال انتظامیہ نے 8،کنال جگہ خرید کر کثیر المنزلہ عمارت ،جس میں امراض قلب ،جدید MRIمشینیں اور دماغی امراض کے شعبوں کے علاوہ ٹیچنگ کے مکمل شعبے بھی موجود ہو نگے ،کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔

آئیے !اپنے حصے کی شمع روشن کرتے ہوئے ، تاریکی کے اس دور کو اجالوں سے تبدیل کرتے ہوئے دکھی انسانیت کے درد کو جلا بخشنے والے حجاز ہسپتال کی تعمیر میں اپنا حصہ بھی ڈالیں اور اللہ کی رضا اور خوشنودی حاصل کریں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :