چھِلڑ کی عید۔۔۔

منگل 13 ستمبر 2016

Shahnawaz Sarmad

شاہنواز سرمد

کئی برس بعد اپنے پیاروں کے بیچ عید منانے وطن لوٹا تو ایک عرصے بعد عید کا دِن صحیح معنوں میں خوشیوں سے بھرپور نظر آیا، ورنہ پردیس کی عید بھی کیا عید ہوتی ہے، پھیکی اور بے رنگ سی۔ نمازِ عید کے لئے مسجد میں داخل ہوا تو مختلف صفوں میں بہت سے ننھے نمازیوں کو اپنے والد ، چچا، تا یا، بھائی کے پہلومیں بیٹھے دیکھا۔ جن میں سے کچھ تو شرافت سے تشریف فرما تھے جبکہ کچھ اپنے ہم عمر نمازیوں کے ساتھ اشاروں کنایوں اور سر گوشیوں میں محوِ گفتگو تھے۔

عید کے اُجلے لباس میں اپنے سائز کی چھوٹی چھوٹی ٹوپیاں پہنے معصومانہ چہروں پہ بے اختیار پیار آیا۔ نماز کے بعدایک دوسرے کو گلے لگا کر عید ملنے کا سلسلہ شروع ہو گیا، اسی اثناء میں میری نظر مسجد کے دروازے کے قریب کھڑے پولیس کے سپاہی پر پڑی جو نماز کے لئے سکیورٹی پر مامور تھا اور اب نماز کے بعد تنہا کھڑا لوگوں کو ایک دوسرے سے عید ملتے ہوئے دیکھ رہا تھا۔

(جاری ہے)

مجھے ایک دھچکا سا لگا کہ جب ساری دُنیا نئے نویلے کپڑے پہنے عید کی خوشیاں منا رہی ہے اوریہ ” چھِلڑ“ آج بھی یہاں وردی پہنے بندوق اُٹھاکے کھڑا ہے، عجیب آدمی ہے۔ مجھے ہم وطنوں سے سُنے پولیس سے متعلق وہ تمام قصے یاد آنے لگے جن سے یا تو پولیس ظالم ثابت ہوتی تھی یا کرپٹ ۔ خدا کا شکر ہے کہ میرا اپنا تو آج تک پولیس سے واسطہ نہیں پڑا لیکن بتانے والوں کے مطابق پولیس ایسی ہی تھی۔

مگر یہاں تو گنگا اُلٹی بہہ رہی تھی، یار یہ بندہ تو ہمارے لئے اپنی عید قربان کر کے بہت بڑی قربانی دے رہا ہے اورایک انسان ہونے کے ناطے ہی سہی اس کو بھی عید کی مبارکباد دینی چاہئیے، یہی سوچ کر میں احباب کے دائرے سے نکل کر اپنی روایتی اَنا کے سر پہ پاؤں رکھ کر ایک اَن دیکھی دیوار پھلانگتا ہوا آگے بڑھا مگر دو قدم ہی اٹھائے تھے کہ ایک پُرانا دوست گرم جوشی سے میری طرف بڑھتا دکھائی دیا جو ہاتھ تھام کر مسجد سے باہر لے آیا جس کے بعد عید ملن کا ایسا سلسلہ چلا کہ ایک کے بعد ایک دوست سے ہوتا ہوا اپنے گھرپہنچ کر رُکا ۔

اس دوران میں اُس پولیس والے کو بالکل ہی بھُول گیا۔ دِن کے پچھلے پہر مجھے یہ بات یاد آئی تو بہت افسوس ہوا کہ مجھے اس شخص کا شکریہ ادا کرنا تھا جس نے اپنی عید ہماری حفاظت پر قربان کر دی۔ وہ بھی یقیناََ کسی کا باپ ، چچا، تا یا اور بھائی ہوگا، اس کے بچے بھی مسجد میں موجود ننھے نمازیوں کی طرح اسکا ہاتھ تھام کر عید کی نماز کے لئے مسجدجانا چاہتے ہوں گے اور اسکا بھی دِل کرتا ہوگا کہ نماز کے بعد سب دوستوں ، رشتہ داروں سے عید ملے اور گھر کی طرف جاتے ہوئے انگلی تھامے اپنے بچوں کو عید کے لئے سجے رنگ برنگ ٹھیلوں سے کھلونے اور کھانے پینے کی چیزیں دِلائے اور اُنکے چہروں سے پھُو ٹتی ہوئی خوشیوں کو دیکھے ۔

کیا ہمارا فرض نہیں بنتا کہ ہم اُیسے فرض شناس اہلکاروں کے بھائی اور دوست بن کر اُسے عزت دیں، عید ملیں ، سلام کریں اور انھیں اس بات کا احساس تک نہ ہونے دیں کہ وہ اپنوں سے دُور عید منا رہے ہیں۔
دوپہر کو بچوں کی ضد پر انھیں لے کر ایک تفریحی پارک گیا تو یہاں بھی دروازے پر پولیس اہلکار کو موجود پا کر مجھے صبح مسجد کا واقعہ یاد آیا۔ اب کی بار میں نے موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا اور اُس پولیس اہلکار سے نہ صرف خود ہاتھ ملایا بلکہ بچوں کو بھی ملوایا اورصحیح معٰنوں میں متعارف کرایا کہ وہ کون ہے اور ( عید کے دِن بھی ) وہاں کیوں کھڑا ہے۔

آخر بچے وہی تو سیکھتے ہیں جو ہم انھیں کر کے دکھاتے ہیں یا بتاتے ہیں۔ بچوں کو پارک میں محفوظ جگہ چھوڑ کر میں واپس اس اہلکار سے گپ شپ کرنے اس کے پاس آگیاتا کہ اُسے اس بات کا علم ہو کہ جس عوام کے لئے وہ وہاں موجود ہے ، وہ بھی اس کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔
”جوان کیسے ہو؟ “ میرے سوال پر وہ چونکا۔
”جی سر ٹھیک ہوں۔۔۔“ وہ غور سے میرے چہرے کی طرف دیکھنے لگا جیسے اسے حیرت ہوئی ہو کہ کوئی اسکا حال کیسے پوچھ سکتا ہے۔


مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کی بات کیا کروں ، کیونکہ غالباََ میرے لئے بھی یہ کسی اجنبی سے اس طرح بات کرنے کا پہلا موقع تھا، اور اجنبی بھی ایسا کہ جس سے ہاتھ ملانے میں بھی معاشرے کے ہر فرد کو ہزاروں بے بنیاد دیواریں حائل نظر آتی ہیں ۔ ایسے میں یہ واقعی کوئی آسان کام نہیں تھا۔ میں نے اسے ہاتھ میں پکڑی کولڈ ڈرنک پیش کی اور اس سے پہلے کہ وہ کوئی ردِ عمل ظا ہر کرتا، میں قریب پڑے بنچ پر بیٹھ گیا ۔


”موسم کافی گرم چل رہا ہے ابھی تک، مجھے توپیاس بہت لگتی ہے ایسے موسم میں۔“ میں نے اپنی کولڈ ڈرنک سے گھو نٹ بھرتے ہوئے اسے بھی پینے کا اشارہ کیا۔
چند لمحے پہلے بچوں کے ہمراہ اس سے ہونے والی دُعا سلام کے نتیجے میں وہ کچھ اچھے مزاج میں نظر آیا۔
” عید پر ڈیوٹی کرتے ہوئے گھر والوں کی یاد تو آتی ہوگی۔ “ آخر میں نے اس کی دُکھتی رگ پر دھیرے سے ہاتھ رکھ دِیا۔


جواب میں صرف ایک سرد آہ موصول ہوئی۔وہ کچھ لمحوں بعد ، جیسے الفاظ کا چناؤ کر کے بولا۔ ”ہماری عید اور روزے نمازیں تو ایسے ڈیوٹی پر ہی گزرتے ہیں، لوگوں کو خوش دیکھ کر ہی خوشی منا لیتے ہیں کہ چلو ہمارے ہونے سے انکی عید تو محفوظ گزرتی ہے۔ مگر دُکھ ہوتا ہے کہ کوئی ہمیں گھاس تک نہیں ڈالتا۔ نوجوان فقرے کستے ہیں تو بڑے بھی مذاق ہی اُڑاتے ہیں۔

میں تو عوام کو بچاتے ہوئے یہیں شہید بھی ہو جاؤں گا تویہی سننے کو ملے گا کہ ٹھیک سے کام کرتے تو ایسا کوئی واقعہ نہ ہوتا۔ ہم کوشش تو کرتے ہیں نا جی، آ گے اوپر والے کی مرضی۔ ‘ ‘ جذبہ قابلِ دید تھا۔ میں تھوڑا حیران بھی ہوا کہ کیا یہ وہی پولیس ہے جس کا میں تذکرہ سنتا آیا ہوں۔
مزید گفتگو سے پتا چلا کہ اسکا گھر وہاں سے ایک گھنٹے کی مسافت پہ تھا اور میں حیران تھا کہ میں دُنیا کے دُوسرے کونے سے کوسوں میل دُور کا سفر طے کر کے عید منانے گھر پہنچ گیا ہوں مگر یہ گھر سے اتنا قریب ہو کر بھی عید گھر پر نہیں منا سکا اور فرض کی ادائیگی کے لئے یہاں موجود تھا ۔

اس کے مطابق رمضان میں پولیس کی ڈیوٹی صبح تین بجے شروع ہو کر رات گیارہ بجے تک تمام نمازوں اورتراویح کے لئے جاری رہتی ہے اور کیا آفیسر، کیا اہلکار، سب کے سب اس کام پر مامور ہوتے ہیں۔ لوگ عبادت گاہوں کے اندر عبادت کر رہے ہوتے ہیں اور پولیس اہلکار فرض کی ادائیگی کے ذریعے باہر۔ سوچنے کی بات ہے کہ تنخواہ تو ہر سرکاری ملازم لے رہا ہے مگر کیا کوئی اور محکمہ اس طرح جان ہتھیلی پر رکھ کر کام کرتا ہے جیسے پولیس کرتی ہے؟
اس عید قربان پر بھی ہزاروں پولیس اہلکار اپنی عید ہم سب پر قربان کرکے دورانِ نمازہماری حفاظت کے لئے کھڑے ہونگے۔ یہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم ان کو گلے لگاکرعید کی مبارکباد دیں اوردورانِ نمازہماری حفاظت کرنے پر شکریہ ادا کریں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :