آزاد کشمیر اور سرحد میں تینتیس ہزار زلزلہ متاثرین اب بھی خیمہ بستیوں میں مقیم ہیں ، سردیوں میں مزید تیس ہزار افراد خیمہ بستیوں میں آئیں گے ۔ اقوام متحدہ

جمعرات 21 ستمبر 2006 14:09

آزاد کشمیر اور سرحد میں تینتیس ہزار زلزلہ متاثرین اب بھی خیمہ بستیوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 21ستمبر 2006،) اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی ڈائریکٹر کیتھلین کریورو کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر اور سرحد کے لزلے سے متاثرہ علاقوں میں تینتیس ہزار افراد ابھی تک خیمہ بستیوں میں مقیم ہیں ۔ جبکہ موسم سرما میں مزید بیس سے تیس ہزار افراد کی خیمہ بستیوں میں آمد متوقع ہے ۔اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے کو آرڈینیٹر وینڈر مور ٹیل کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابتدائی امداد کے چھ ماہ کے بعد شروع کئے گئے بحالی کے ایک سالہ پروگرام پر تیزی سے کام ہورہا ہے ۔

اقوام متحدہ کے اس پروگرام میں ستائیس کروڑ‌ ڈالر کا چونسٹھ فیصد ڈونرز سے عطیات کی شکل میں موصول ہو چکا ہے ۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ بقیہ فنڈز بھی جلد مل جائیں گے ۔

(جاری ہے)

کیتھلین کریور نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بحالی کاکام جاری ہے لیکن موسم سرما میں طبی عملے اور سہولتوں کی کمی کا سامنا کرنا پڑ ے گا ۔ یو این ڈی پی کی سربراہ کا کہنا تھا کہ نوے فیصد متاثرین کے پاس برف باری سے بچنے کے لئے شیلٹرز موجود ہیں جبکہ چار لاکھ افراد کو مکانوں کے معاوضے کی دوسری قسط ایرا کی جانب سے مل چکی ہے۔اقوام متحدہ کے کو آرڈینیٹر نے بتایا کہ سردیوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے چار ہیلی کاپٹرز دستیاب ہوں گے۔