حامد کرزئی پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ بند کریں‘ قصوری

جمعرات 28 ستمبر 2006 12:17

حامد کرزئی پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ بند کریں‘ قصوری
نیویارک (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 28ستمبر2006 ) وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے کہا ہے کہ صدر پرویز مشرف چاہتے ہیں کہ افغان صدر پاکستان پر الزامات کا سلسلہ بند کرکے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کریں تاکہ خطے میں امن قائم ہوسکے۔ امریکی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں زیادہ تر تشدد وہاں موجود افغانیوں کی طرف سے ہورہا ہے ار یہ بات صدر پرویز مشرف کئی ماہ سے کہہ رہے ہیں۔

خورشید قصوری نے پاکستان پر تشدد کو فروغ دینے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حالات بہت مشکل ہیں اور پاکستان پر انگلی اٹھانے سے مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے جو طالبان اور دونوں ممالک کے دشمنوں کی حوصلہ افزائی کا سبب ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے افغانستان کی طرف سے انٹیلی جنس سے متعلق تعاون کی ضرورت ہے اور یہی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان طالبان کی سرگرمیوں کا خاتمہ چاہتا ہے اور واضح کیا کہ ایک مضبوط افغانستان ہی پاکستان کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے وسطی ایشیائی ممالک سے گیس پائپ لائن کا حصول چاہتا ہے اور یہ صرف افغانستان میں امن کے قیام کی صورت میں ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان صدر زبانی جنگ بندی کے لئے تیار ہوں اور دہشت گردوں کے خلاف ایجنسیز کے تعاون کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات کریں تاکہ بگڑتے ہوئے حالات پر قابو پایا جاسکے۔