صدر جنرل پرویز مشرف اور برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کے درمیان ملاقات ، مسئلہ کشمیر کے حل سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ لندن پہنچنے پر صدر مملکت کی بات چیت

جمعرات 28 ستمبر 2006 23:14

صدر جنرل پرویز مشرف اور برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کے درمیان ملاقات ..
لندن (اُردو پوائنٹ آن لائن، 28ستمبر 2006) صدر جنرل پرویز مشرف برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر سے ان کے ریزورٹ‌میں‌ملاقات کر رہے ہیں ۔ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ ، تحویل مجرمین کے معاہدے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹونی بلیئر ملاقات میں‌صدر جنرل پرویز مشرف سے کہیں گے کہ برطانوی وزارت دفاع کی آئی ایس آئی کے بارے میں رپورٹ سے برطانوی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔

واشنگٹن سے لندن پہنچنے پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے امریکی صدر بش اور افغانستان کے صدر حامد کرزئی سے اپنی ملاقات کو مثبت قرار دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران دہشت گردی کیخلاف جنگ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر پرویز مشرف نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے گذشتہ پچاس برس سے بات ہورہی ہے لیکن ابھی تک اس کا حل سامنے نہیں آیا۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق انہوں نے بھی کئی افراد سے اس مسئلے پر بات کی ہے لیکن کسی نے حل پیش نہیں کیا۔اسی لئے انہوں نے ایک حل تجویز کیا تھا لیکن مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔اپنے یادداشتوں کی کتاب ان دی لائن آف فائر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کتاب میں‌لکھی ہوئی ہر بات پہلے ہی زیربحث آچکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا انہیں اچھی نگاہ سے دیکھتی ہے اور دنیا میں ہرجگہ پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرتے ہیں۔