عراق میں فائرنگ اور بم دھماکے سابق صدر صدام حسین کے مقدمے کی سماعت کرنے والے چیف جج کے برادر نسبتی سمیت پانچ افراد ہلاک ، دارالحکومت بغداد سے مزید آٹھ افراد کی لاشیں برآمد

جمعہ 29 ستمبر 2006 16:42

عراق میں فائرنگ اور بم دھماکے سابق صدر صدام حسین کے مقدمے کی سماعت کرنے ..
بغداد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 29ستمبر2006 ) عراق میں فائرنگ اور بم دھماکوں میں سابق صدر صدام حسین کے خلاف مقدمے کی سماعت کرنے والے جج کے برادر نسبتی سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ دارالحکومت بغداد سے آٹھ افراد کی لاشیں ملی ہیں ۔کرکوک میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے تین عراقی فوجیوں‌کو ہلاک کردیا ۔حکام کا کہنا ہے کہ عراقی فوجی اپنی ڈیوٹی پر جارہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ایک کار سے ان پر فائرنگ کردی ۔

بغداد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سابق صدر صدام حسین کے مقدمے کی سماعت کرنے والے چیف جج محمد ال عریبی کے بردار نسبتی کو ہلاک کردیا۔پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران دو افراد شدید زخمی بھی ہوئے۔بغداد میں ہی دو بم دھماکوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دس زخمی ہوگئے جبکہ دارلحکومت سے ایک خاتون سمیت آٹھ افراد کی لاشیں ملی ہیں ۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ تمام لاشوں کے ہاتھ پیر بندھے ہوئے تھے اور ان پرتشدد کے نشانات تھے ۔دوسری جانب الصدر سٹی میں مقتدی الصدر کی مہدی ملائیشیا کے کارکن کی نماز جنازہ ادا کی گئی ۔نماز جنازہ میں مہدی ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ عراقی پولیس کے کرنل خادم عباس حمزہ کے مطابق عبدالکریم عبدال واحد کو گزشتہ روز نامعلوم افراد نے نجف میں فائرنگ کر کے ہلاک کردیا تھا