قابض افواج کیخلاف ایک ہزار سال تک جنگ جاری رکھیں گے، ملا عمر

پیر 2 اکتوبر 2006 14:01

قابض افواج کیخلاف ایک ہزار سال تک جنگ جاری رکھیں گے، ملا عمر
کابل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اکتوبر۔2006ء) طالبان کے سربراہ ملا عمر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اگر غیر ملکی فوجیں ایک ہزار سال تک بھی افغانستان پر قابض رہیں تو ان کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان کے صوبے قندھار کے قریب کسی نامعلوم مقام پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملا عمر نے مجلس شوریٰ میں تبدیلیاں کرتے ہوئے اس کی تشکیل نو کا اعلان کیا ہے۔

اجلاس کے بعد خطاب میں ملا عمر نے کہا کہ افغان عوام نے کبھی غیر ملکی افواج کا تسلط برداشت نہیں کیا اور نہ ہی کبھی کریں گے۔ افغانستان میں موجودہ صورتحال میں بھی قابض فوج کے خلاف جنگ ایک ہزار سال تک جاری رہے گی اور امریکہ سمیت تمام قوتیں بھی انشاء الله رسوا ہو کر افغانستان سے جائیں گی اور اس مرتبہ امریکہ ،برطانیہ اور یورپی فوجوں کا قبرستان افغانستان بنے گا۔

(جاری ہے)

ہمارا دشمن امریکہ بزدل ہے وہ دوسروں کا خون بہانے میں شیر اور اپنا خون بہتے ہوئے دیکھ کر بھاگ اٹھاتا ہے۔ ملا عمر کی جانب سے نئی مجلس شوریٰ میں حاجی لالہ،گل آغا خان،ملا برادر،مولوی اختر محمد،مولوی عبدالکبیر،مولوی امین الله امین،ملا حسن رحمانی،حاجی محمد صادق،مولوی محمد ابراہیم عرف صدر صاحب،سیف الرحمن منصور،جارح کمانڈر ملا داد الله،ابوالفضل شامل ہیں جبکہ ملا عمر کی مشاورت کیلئے ملا جلیل، ملا عبدالرزاق اور مولوی عبدالعلی کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے۔