سلامتی کونسل اراکین نے نئے سیکرٹری جنرل کیلئے جنوبی کوریا کے امیدوار کی حمایت کردی

منگل 3 اکتوبر 2006 12:41

سلامتی کونسل اراکین نے نئے سیکرٹری جنرل کیلئے جنوبی کوریا کے امیدوار ..
اقوام متحدہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03اکتوبر2006) سلامتی کونسل کے مستقل اراکین نے اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل کے عہدے کیلئے جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ بین کی مون کی حمایت کردی ہے جبکہ بھارتی سفارتکار ششی تھارور اس دوڑ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ اعلیٰ سفارتی ذرائع کے مطابق اس حوالے سے سلامتی کونسل میں رائے شماری ہوئی جس میں پندرہ میں سے چودہ ارکان نے بین کی مون کی حمایت میں ووٹ ڈالا جبکہ ایک ممبر نے اپنی رائے کا اظہار نہیں کیا۔

(جاری ہے)

چین کے سفیر نے توقع ظاہر کی کہ سلامتی کونسل بین کی مون کا نام اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل کیلئے جنرل اسمبلی میں پیش کرے گی۔ 62 سالہ بین کی مون اس سے قبل تین مرتبہ کرائی گئی رائے شماری میں بھی سلامتی کونسل کے ارکان کی واضح حمایت حاصل کرچکے ہیں اس سال دسمبر میں کوئی عنان کے عہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد بین کی مون کے اقوام متحدہ کے آٹھویں سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے تقرری کے قوی امکانات ہیں۔ اس عہدے کیلئے بھارت کے سفارتکار ششی تھارور بھی مضبوط امیدوار تصور کئے جارہے تھے تاہم انہوں نے رائے شماری کے بعد انتخاب سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔