عراق میں ٹی وی اسٹیشن پر حملے اور بم دھماکوں میں ایک امریکی فوجی سمیت بائیس افراد ہلاک، دریائے دجلہ سے چار لاشیں برآمد۔( اپ ڈیٹ)

جمعرات 12 اکتوبر 2006 14:03

عراق میں ٹی وی اسٹیشن پر حملے اور بم دھماکوں میں ایک امریکی فوجی سمیت ..
بغداد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین12اکتوبر2006) عراق میں ٹی وی اسٹیشن پر حملے اور بم دھماکوں‌ میں ایک امریکی فوجی سمیت بائیس افراد ہلاک اور پچیس زخمی ہوگئے،جبکہ پولیس کو دریائے دجلہ سے چار لاشیں ملی ہیں۔عراقی پولیس کے مطابق مشرقی بغداد میں نا معلوم افراد نے ایک سیٹلائٹ ٹی وی چینل کے دفتر پر حملہ کرکے چار محافظین سمیت گیارہ افراد کو ہلاک کردیا۔

مسلح افراد نے شعبیہ ٹی وی کے دفتر میں گھس کر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں گیار ہ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ بغداد ہی میں پانچ مختلف بم دھماکوں‌ میں بارہ افراد ہلاک اور پچیس زخمی ہوگئے۔پہلا دھماکہ ایک مسجد کے قریب ہوا جس کے بعد لوگوں کے جمع ہونے پر دوسرا دھماکہ ہوا جس میں چار افراد زخمی ہوگئے۔شہر میں دیگر دو بم دھماکوں میں پانچ افراد ہلاک اور گیارہ زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

دارالحکومت کے ایک پیٹرول پمپ پر موٹر سائیکل سوار نے خود کو دھماکے سے اڑادیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ادھر عراق کے مشرقی شہر کرکوک میں امریکی فوجی قافلے پر حملے میں ایک امریکی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ جبکہ دیوانیہ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کرکے ایک اہلکار کو ہلاک کردیا اور گیارہ افراد کو رہا کرکے لے گئے۔سمرہ میں بم حملے میں ایک خاتون ہلاک اور آٹھ دیگر افراد زخمی ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :