شعیب اختر نے وقت ختم ہونے سے دو گھنٹے قبل سزا کیخلاف اپیل جمع کرا دی

منگل 7 نومبر 2006 22:53

شعیب اختر نے وقت ختم ہونے سے دو گھنٹے قبل سزا کیخلاف اپیل جمع کرا دی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7نومبر۔2006ء)ممنوعہ ادویات کے استعمال کے باعث دو سال کی پابندی کا شکار ہونیوالے فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے بھی سزا کیخلاف اپیل جمع کرا دی ۔ تفصیلات کے مطابق شعیب اختر نے اپیل کرنے کے مقررہ وقت سے صرف دو گھنٹے قبل ایک معروف قانون دان کے ہمراہ آٹھ صفحات پرمشتمل اپیل پی سی بی کے ڈاکٹر سہیل سلیم کو جمع کرائی ۔

(جاری ہے)

ممنوعہ ادویات کے استعمال پر انکے ساتھ ایک سال کی پابندی کا شکار ہونیوالے محمد آصف سوموار کے روز 5 صفحات پر مشتمل اپنی اپیل جمع کرا چکے ہیں ۔دونوں کھلاڑیوں کی اپیلوں کی سماعت کیلئے اپیل کمیٹی کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے ۔ اپیل کمیٹی میں جسٹس فخر الدین جی ابراہیم،ڈاکٹر دانش ظہیر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر حسیب احسن شامل ہیں اور اپیلوں کی سماعت کیلئے حتمی تاریخوں کا اعلان ایک دو روز میں کر دیا جائیگا ۔ ذرائع کے مطابق محمد آصف کی اپیل میں ایسے نکات شامل کئے گئے ہیں جسکی روشنی میں انکی سزا میں کمی کی گنجائش موجود ہے ۔