اسٹیٹ بینک 100اور 500 روپے کے نئے کرنسی نوٹ 11نومبر کوجاری کرے گا

بدھ 8 نومبر 2006 17:15

اسٹیٹ بینک 100اور 500 روپے کے نئے کرنسی نوٹ 11نومبر کوجاری کرے گا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین08نومبر2006 ) اسٹیٹ بینک 100اور 500 روپے کے نئے کرنسی نوٹ 11نومبر کوجاری گا ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایک سال قبل نئے کرنسی نوٹ متعارف کروانے کا سلسلہ شروع کیا تھا ۔ جس کی تحت پہلے مرحلے میں ملکی تاریخ میں پہلی بار13اگست2005ء کو 20روپے کا کرنسی نوٹ متعارف کروایا گیا اور اس کے ساتھ ہی اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے دیگر کرنسی نوٹوں10،50،100،500اور1000روپے مالیت کے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کو بھی تبدیل کرنے اور 5000ہزار رپے مالیت کا اعلان کیا ۔

جس کے بعد دوسرے مرحلے میں 27مئی کو 10روپے کا نیا اور ملکی تاریخ میں پہلی بار 5ہزار روپے کا کرنسی نوٹ متعارف کروایا گیا ۔ اب 100 روپے اور 5سو روپے کے نئے کرنسی نوٹ کل جمعہ کو متعارف کرائے جائیں گے اور ہفتہ سے ملک بھر میں نئے نوٹوں کی ترسیل شروع کردی جائے گی ۔

(جاری ہے)

400 روپے اور 500 روپے کے نئے کرنسی نوٹ یورپی کرنسی یورو کی طرز پر بنائے گئے ہیں اور دونوں نوٹوں کا سائز پہلے کے نوٹوں کے مقابلے میں چھوٹا ہے ۔

تا ہم دونوں نوٹوں کے رنگ پہلے کی طرح سرخ اور سبز ہو ں گے ۔ 100اور 500 روپے کے نئے کرنسی نوٹ پتلے ہیں اور دونوں نوٹوں میں سیکورٹی فیچرز کے اضافے کے ساتھ نابینا حضرات کی پہچان کے لئے خصوصی فیچرز بنائے گئے ہیں ۔ دونوں نوٹوں میں قائداعظم کی تصویر تقریباً درمیان میں ہے ‘ جبکہ تھوڑا بائیں جانب اوپر کی طرف بینک دولت پاکستان اور100 روپے والے نوٹ پر100روپے اور500روپے والے نوٹ پر500روپے درج ہے۔نوٹ کے سامنے کی جانب گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر کے دستخط ہیں اوردوسری جانب حصول رزق حلال عبادت ہے لکھا ہوا ہے ۔ نوٹوں کی عقبی جانب نیچے کی طرف اسٹیٹ بینک کا لوگو بھی چھپا ہوا ہے جبکہ ہر نوٹ پر سن اشاعت بھی سامنے کی جانب درج کی جائے گی ۔