عراق،بم دھماکوں، جھڑپوں اور مارٹر گولوں کے حملوں میں 2امریکی فوجیوں سمیت 82 افراد ہلاک، متعدد زخمی،امریکی فوج کی کرکوک، رمادی اور مقدادیہ میں کارروائی کے نتیجے میں 24 شرپسند ہلاک، 48 گرفتار۔اپ ڈیٹ

بدھ 8 نومبر 2006 23:25

عراق،بم دھماکوں، جھڑپوں اور مارٹر گولوں کے حملوں میں 2امریکی فوجیوں ..
بغداد/کرکوک/رمادی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8نومبر۔2006ء) عراق میں بم دھماکوں، جھڑپوں، فائرنگ اور مارٹر گولوں کے حملوں میں 2امریکی فوجیوں سمیت 82 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ امریکی فوج نے مقدادیہ، کرکوک اور رمادی میں کارروائی کر کے 24 مشتبہ شرپسندوں کو ہلاک اور 48 کو گرفتار کر لیا۔ جبکہ بھاری تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور بم بنانے کا سامان بھی برآمد ہوا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کے روز صدر سٹی میں فٹبال گراؤنڈ میں مارٹر گولوں کے دھماکے کے نتیجے میں میچ کھیلنے والے کھلاڑیوں سمیت 10 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔ پولیس کیپٹن محمد اسماعیل نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ صدر سٹی کے اس گراؤنڈ میں دوپہر کے وقت دو ٹیموں کے درمیان فٹبال میچ جاری تھا کہ اچانک گراؤنڈ میں گرنے والے مارٹر گولوں کے پھٹنے سے کھلاڑیوں اور تماشائیوں سمیت 10 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

ادھر بغداد کے شمالی علاقے میں بھی مارٹر گولوں کے حملے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ پولیس لیفٹیننٹ محمد خالون نے بتایا کہ بغداد میں گزشتہ چند دنوں کے دوران سنی اور شیعہ گروپوں کے تصادم کے نتیجے میں متعدد افرا مارٹر گولوں کا نشانہ بن چکے ہیں جبکہ لیفٹیننٹ علی محسن نے گزشتہ روز بغداد کے نواح میں کافی شاپ پر ہونے والا دھماکہ مارٹر گولوں کا نتیجہ نہیں بلکہ خود کش حملہ تھا اور اس میں 14 سے 21 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوئے۔

ادھر محمودیہ میں منی وین کے دھماکے میں 8 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔ پولیس مین حیدر ستار نے بتایا کہ ایک مارکیٹ کے نزدیک کھڑی منی وین میں نصب بم اچانک دھماکے سے پھٹ گیا اور خریدو و فروخت میں مصروف 8 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ادھر صوبہ دیالہ میں فائرنگ اور بم دھماکوں کے مختلف واقعات میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

جبکہ لیفٹیننٹ متاز صلاح الدین نے بتایا کہ بغداد کے مغربی علاقے میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔ جبکہ امریکی فوج نے کہا ہے کہ مقدادیہ میں ایک کارروائی کے دوران 10 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ جبکہ ان کے قبضے سے اغواء کئے گئے ایک عراقی پولیس اہلکار کو برآمد کرا لیا گیا ہے۔ امریکی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایک خفیہ اطلاع پر ایک عمارت میں بند کئے گئے پولیس اہلکار کو برآمد کیا جس کے ہاتھ پاؤں اور آنکھوں پر پٹی باندھ کر اوندھے منہ فرش پر لٹا دیا گیا تھا۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس کے ساتھ ایک اور اہلکار کو بھی اغواء کیا گیا تھا تاہم اہل خانہ کی طرف سے تاوان ادائیگی کے بعد اسے رہا کر دیا گیا تھا۔ جائے واردات سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود اور بم بنانے کا سامان بھی ملا ہے۔ جبکہ امریکی فوج نے رمادی میں ایک کارروائی کے دوران 4 مشتبہ شرپسندوں کو ہلاک اور 48 کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ وہاں سے بھی بھاری تعداد میں گولہ بارود و اسلحہ اور بم بنانے کا سامان ملا ہے۔

جبکہ پولیس بریگیڈئر سرحت عبدالقادر نے مطابق کرکوک میں امریکی فوج کے ساتھ جھڑپ میں 10 مزاحمت کار مارے گئے۔ بغداد کی فلسطین سٹریٹ میں ایک خود کش حملہ آور نے عراقی پولیس کی چیک پوسٹ پر خود کش کار حملہ کر کے 2 عراقی پولیس اہلکاروں کو ہلاک اور 2 کو زخمی کر دیا ہے۔ جبکہ بغداد کے سنی اکثریت کے علاقے میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔

بغداد کے شمال مشرقی علاقے میں ایک سنی مسجد کے قریب کار بم دھماکے سے 4 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہو گئے جبکہ بغداد سے مزید 3 لاشیں ملی ہیں جنہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ہلاک کیا گیا تھا۔ جبکہ امریکی فوج نے اپنے 2 فوجیوں کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے۔ بیان کے مطابق ایک فوجی گزشتہ روز صوبہ انبار میں زخمی ہونے کے بعد بدھ کے روز انتقال کرگیا۔ جبکہ کرکوک میں بھی جھڑپ کے دوران ایک امریکی فوجی مارا گیا جس سے نومبر میں اب تک امریکی ہلاکتوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ جبکہ اکتوبر اس حوالے سے خوفناک ثابت ہوا جس میں 105 امریکی مارے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :