آزاد کشمیر میں برفباری اور بارشوں کا سلسلہ چھٹے روز میں داخل‘ نظام زندگی مفلوج

بدھ 6 دسمبر 2006 12:58

آزاد کشمیر میں برفباری اور بارشوں کا سلسلہ چھٹے روز میں داخل‘ نظام ..
مظفر آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین06دسمبر2006 ) آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ چھٹے روز میں داخل ہوگیا برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے مظفر آباد کا بالائی علاقوں سے رابطہ کٹ گیا۔ ضلع نیلم کا مظفر آباد سے زمینی رابطہ منقطع‘ زلزلہ متاثرین سخت مشکلات سے دوچار‘ سدھن گلی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے باغ اور مظفر آباد کا رابطہ بھی بحال نہ ہوسکا۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں بارفباری اور بارش کا سلسلہ چھٹے روز میں داخل ہوگیا ہے بدھ کے روز بھی بارش اور برفباری کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے لینڈ سلائیڈنگ سے بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے مظفر آباد کا ان علاقوں سے رابطہ کٹ گیا ہے۔ شاہراہ نیلم کو دو روز بعد بھی نہیں کھولا جاسکا ہے جس کی وجہ سے ضلع نیلم کا مظفر آباد سے زمینی رابطہ منقطع ہے پولیس کے مطابق شاہراہ نیلم‘ مظفر آباد‘ پٹہکہ اور نوسیری سے اٹھمقام تک لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مکمل بند ہے پاک فوج کے انجینئرز بند راستے کھولنے کی کوشش کررہے ہیں شاہراہ نیلم بند ہونے سے وادی نیلم کے علاقے کھنیاں میں ہیضے اور نمونیا میں مبتلا بچوں کو مظفر آباد منتقل کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں یہاں اب تک ساٹھ بچوں میں ہیضے اور نمونیا کی تصدیق ہوچکی ہے شاہراہ جہلم بھی مسلسل دو روز سے بند ہے جبکہ وادی لیپا جانے والے تمام راستے بھی بند ہیں۔

(جاری ہے)

سدھن گلی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے باغ اور مظفر آباد کا رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے قمر کوٹ اور جنڈالی کے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے فارورڈ کہوٹہ میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے راستے بند ہوگئے ہیں مسلسل چھ روز سے جاری بارش اور برفباری کی وجہ سے ٹیلی فون اور بجلی کا نظام بھی معطل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

متعلقہ عنوان :