پاکستان کے ساتھ بھارتی طرز کا سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کا معاہدہ نہیں کرینگے،امریکہ

منگل 19 دسمبر 2006 15:48

پاکستان کے ساتھ بھارتی طرز کا سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کا معاہدہ نہیں ..
واشنگٹن (اُردو پو ائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر۔2006ء) امریکہ نے کہا ہے کہ بھارت کی طرز کا سول نیو کلیئر ٹیکنالوجی کا معاہدہ پاکستان کے ساتھ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے یہ صرف بھارت کے لئے منفرد معاہدہ ہے جس کی دوسرے ممالک تک توسیع ممکن نہیں ہے۔ پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف اس معاہدہ سے ناخوش نہیں ہیں ۔ سول نیو کلیئر ٹیکنالوجی کے معاہدے سے دو بڑی جمہوریت کے درمیان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

امریکہ بھارت کو مشرق وسطیٰ کے تیل پر انحصار سے چھٹکارا دلانا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار امریکہ کے نائب وزیر خارجہ نیکولس برنز نے منگل کے روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ نیو کلیئر ٹیکنالوجی جیسا معاہدہ پاکستان کے ساتھ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

یہ منفرد ڈیل صرف بھارت کے لئے ہے اس کی کسی دوسرے تک توسیع ممکن نہیں ۔

یہ قانون سازی صرف بھارت کے لئے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک منفرد ملک ہے ،بھارت دنیا کے نقشے پر ایک ابھرتی ہوئی جمہوری طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت تیل استعمال کر رہا ہے اس لئے وہاں فضائی آلودگی اور دیگر مسائل جنم لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت کو مشرق وسطیٰ کے تیل پر انحصار سے چھٹکارا دلانا چاہتا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس ڈیل سے پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف ناخوش نہیں ہیں۔

نکولس برنز نے کہا کہ بھارت ایک بڑا جمہوری ملک ہے اس معاہدہ سے دو بڑی جمہوری قوتوں کے درمیان تعلقات کا نیا دور شروع ہو گا۔ انہوں نے س توقع کا اظہار کیا کہ سول نیو کلیئر ٹیکنالوجی کے معاہدہ سے دونوں ممالک کو فائدہ حاصل کر کے امریکی سرمایہ داروں کو بھارت میں سرمایہ کاری کے مواقع ملیں گے۔