یہ وہ دن ہے جب برگزیدہ ہستیوں نے بندگی کی ایک لازوال مثال قائم کی۔ عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی حد درجہ اطاعت اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال تسلیم و رضا کی یاد دلاتا ہے ۔صدر مشرف ۔۔

آج وطن عزیز کو دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسی مشکلات سے نبرد آزما ہونے کیلئے ہمیں جذبہ ایثار و قربانی اخوت و بھائی چارہ ۔ ہمدردی و رواداری امن و آشتی اور پیار و محبت کے پرچار کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے ۔صدر مشرف اور وزیراعظم شوکت عزیز کا عید الاضحی کے موقع پر قوم کے نام پیغام

اتوار 31 دسمبر 2006 15:11

یہ وہ دن ہے جب برگزیدہ ہستیوں نے بندگی کی ایک لازوال مثال قائم کی۔ عید ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین31دسمبر2006 ) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ آج عیدالضحی کا مبارک دن ہے اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں ایک بار پھر یہ تہوار منانے کا موقع دیا میں اس پرمسرت موقع پر اپنے تمام مسلمان بھائی‘ بہنوں اور بزرگوں خصوصا حجاج کرام کو خلوص دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں - آج کے دن ہم حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل کی اس عظیم قربانی کی یاد مناتے ہیں جو انہوں نے اللہ تعالی کی خوشنودی کیلئے پیش کی- ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے عیدالضحی کے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں کیا- انہوں نے کہاکہ یہ وہ دن ہے جب ان برگزیدہ ہستیوں نے بندگی کی ایک لازوال مثال قائم کی استقامت اور قربانی کا وہ معیار قائم کیا جسے اللہ تعالی نے ہمیشہ کیلئے انسانیت کی بھلائی کیلئے ضروری قرار دیا- قربانی کا بنیادی مقصد بندوں میں حقوق اللہ کی تعمیل اور حقوق العباد ادا کرنے کا شعور پیدا کرنا ہے اس کے ذریعے معاشرہ میں ایثار و قربانی جیسے اعلی انسانی اقدار پروان چڑھتے ہیں محبت ورواداری کو فروغ ملتا ہے امن و اتحاد کی فضاء قائم ہوتی ہے اور ایک مثالی فلاحی معاشرہ وجود میں آتا ہے- وزیراعظم نے کہا کہ الحمد اللہ آج پاکستان تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اس رفتار کو برقرار رکھنے کیلئے لازم ہے کہ ہم اپنے معاملات میں ایثار‘ قربانی اور رواداری جیسے اعلی انسانی اقدار کو فروغ دیں ہر قسم کی عصبیتوں سے بلند ہو کر باہمی اتحاد محبت اور امن کی فضاء قائم رکھیں اپنے اپنے دائرہ کار میں انتہائی محنت اور دیانتداری کے ساتھ کام کریں معاشرے کے کمزور طبقوں کی مدد کریں اپنی صفوں میں اتحاد اور تنظیم پیدا کر کے تمام چیلنجوں کا مل کر مقابلہ کریں موجودہ حکومت ملک میں ترقی کی رفتار برقرار رکھنے اور معاشرے میں اعلی مذہبی اخلاقی اور سماجی اقدار کو فروغ دینے میں کوشاں ہے لہذا اب یہ ہر پاکستانی شہری کی دمہ داری ہے کہ وہ ان کوششوں میں حکومت کا ہاتھ بٹائے انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ہم ایک جدید خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی منزل حاصل کر لیں گے- میری دعاء ہے کہ اللہ تعالی ہمیں قربانی جیسی عظیم عبادت کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے- آمین- صدر مملکت جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ عید کے اس مبارک موقع پر تمام اہل وطن کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور دعاگو ہوں کہ اللہ تعالی تمام اہل وطن کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور دنیاوی و اخری خوشیوں سے نوازے ۔

(جاری ہے)

عید الاضحی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی حد درجہ اطاعت اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال تسلیم و رضا کی یاد دلاتا ہے آج کے دن ان عظیم ہستیوں نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی اور ہمارے پیارے نبی آخر الزمان حضرت محمد نے اس قربانی کی سنت ابراہیمی کو قیامت تک صاحب استقامت مسلمان پر واجب قرار دیا ۔

انہوں نے کہا کہ قربانی مسلمانوں کے لئے زبردست اہمیت کی حامل ہے یہ سنت مسلمان صدیوں سے ادا کرتے چلے آرہے ہیں یہ ہمارے اندر جانثاری جرات و استقلال اور رضائے الہی کے سامنے سر خم تسلیم کرنے کے جذبات پیدا کرتی ہے ۔ سنت رسو ل کی پیروی میں قربانی کرکے ہم اللہ تعالی کی رضا کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کا عہد کرتے ہیں ا س سے تقوی پیدا ہوتا ہے اور میرے نزدیک تقوی ہی مقصد حیات ہے ۔

اس دولت سے انسان دونوں جہانوں میں سرخرو ہوتا ہے ۔ آج وطن عزیز کو دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے مسائل کا سامنا ہے اور ان مشکلات سے نبرد آزما ہونے کیلئے ہمیں جذبہ ایثار و قربانی اخوت و بھائی چارہ ہمدردی و رواداری امن و آشتی اور پیار و محبت کے پرچار اور ان اعلی اقدار پر عمل کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے ۔ صدر نے کہا کہ ہمیں محدود علاقائی ذاتی اور نسلی ضرورتوں اور بلا وجہ کے تعصبات اور نفرتوں کو خیر باد کہہ کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہیے یہی سیدھی راہ اور وقت کی آواز ہے ۔ اللہ رب العزت ہم سب کا حامی و ناصر ہو ۔ آمین