صدام حسین کو اقتدار سے الگ کرنے کیلئے ایران اور امریکہ کے درمیان خفیہ رابطوں کا انکشاف

جمعرات 18 جنوری 2007 11:41

صدام حسین کو اقتدار سے الگ کرنے کیلئے ایران اور امریکہ کے درمیان خفیہ ..
لندن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 18جنوری2007) صدام حسین کو اقتدار سے الگ کرنے کیلئے ایران نے امریکہ کو حزب الله اور حماس سے تعاون ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی اور ساتھ ہی ایٹمی پروگرام بھی بند کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ ایک برطانوی ٹیلی ویژن نے عراق جنگ کے حوالے سے ایران اور امریکہ کے درمیان خفیہ رابطوں پر رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 2003 ء میں عراق پر امریکی حملوں کے وقت ایران نے لبنانی شدت پسند گروہ حزب اللہ کو اپنی عسکری حمایت اور فلسطینی تنظیم حماس کو اپنی مدد بند کرنے کی امریکہ کو پیشکش کی تھی۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران نے عراق کی صورتحال میں استحکام پیدا کرنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کی پیشکش کی تھی اور یہ بھی کہا تھا کہ وہ اپنے نیوکلیئر پروگرام کو دنیا کے سامنے کھولنے کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران نے اپنی پیشکش کے بدلے میں امریکہ سے دشمنی اور اقتصادی پابندیاں ختم کرنے اور ایرانی باغی گروپ مجاہدین الخلق کو تحلیل کرنے کی اپیل کی تھی۔

اس حوالے سے امریکی وزارت خارجہ کے ایک سابق اہلکار لارنس وِلکرسن نے بتایا کہ ایران کی اس پیشکش کو امریکی نائب صدر ڈِک چینی کے دفتر نے ٹھکرا دیا۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس وقت کے امریکی وزیر خارجہ کالن پاول ایران کی پیشکش پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہتے تھے۔وِلکرسن نے بتایا کہ یہ ایک موقع تھا جب وزیر خارجہ اور ان کے نائب اس پیشکش پر غور کرنا چاہتے تھے لیکن جیسے ہی یہ پیشکش نائب صدر کے دفتر پہنچی تو جواب آیا ’ہم شیطان سے بات نہیں کرتے۔‘ وِلکرسن کا کہنا تھا کہ انہیں لگا کہ امریکی انتظامیہ ایک بڑی غلطی کررہی ہے.

متعلقہ عنوان :