بینظیر بھٹو پاکستان آتے ہی جیل اورنواز شریف واپس سعودی عرب جائیں گے۔ محمد علی درانی۔۔نوازلیگ اور پی پی دورحکومت کی بدعنوانیوں کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں جو آئندہ عام انتخابات سے قبل جاری کر دی جائیں گی، باہر بیٹھے سیاستدانوں میں پاکستان آنے کی ہمت نہیں۔ صدر مشرف اور مسلم لیگ موجودہ نظام کے آرکیٹیکٹ ہیں کسی اور کو صدر مملکت کے مسلم لیگ کے جلسوں سے خطاب کے دوران تکلیف نہیں ہونی چاہیے، الیکشن میں دھاندلی کو سیاسی دہشت گردی سمجھتے ہیں کسی کواس کی اجازت نہیں دی جائے گی، دینی مدارس، علماء اور طلباء دہشت گردی کیخلاف حکومت کا ساتھ دیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 7 فروری 2007 16:42

فیصل آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07فروری2007 ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ باہر بیٹھے ناکام سیاستدانوں نے گزشتہ پانچ سالوں سے پاکستان آنے کی رٹ لگا رکھی ہے مگر ان میں یہاں آنے کی ہمت ہی نہیں وہ آئیں اور مقدمات کا سامنا کریں ہمیں کوئی اعتراض نہیں، بینظیر بھٹو کو آتے ہی جیل اور نوازشریف کو واپس سعودی عرب بھیج دیا جائے گا، نواز لیگ اور پی پی ادوار کی بدعنوانیوں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے، نواز شریف اوربینظیر نے ملکی خزانے کو لوٹ کر جو اثاثے بیرون ملک بنائے ہیں آئندہ عام انتخابات سے قبل ان کی فہرست جاری کر دی جائے گی، الیکشن میں دھاندلی کوسیاسی دہشت گردی سمجھتے ہیں کسی کو ہر گز اس کی اجازت نہیں دی جائے گی، صدرمشرف کو جس نے بھی دعوت دی وہ وہاں جا کر جلسے میں خطاب کریں گے اپوزیشن بھی مدعو کر کے دیکھ لے، کسی کو صدر مملکت کے مسلم لیگ کے جلسوں میں شرکت اورخطاب پر تکلیف نہیں ہونی چاہیے، صدر مشرف اورمسلم لیگ موجودہ نظام کے آرکیٹیکٹ ہیں، مٹھی بھر شرپسند عناصر اسلام کو بدنام کرنے کیلئے دھماکے کر رہے ہیں، دینی مدارس، علماء اورطلباء دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو یہاں چناب کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے کہا کہ صدر پرویزمشرف مسلم لیگ اورموجودہ نظام کے آرکیٹیکٹ ہیں اس لئے صدر پرویزمشرف کے مسلم لیگ کے جلسوں میں شرکت اورخطاب پر کسی کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قابل تحسین بات ہے کہ پہلی مرتبہ اسمبلی اپنی مدت پوری کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو سب کچھ چھوڑ کر الیکشن کی تیاری کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی سیاسی دہشت گردی ہے اور ملک میں 1977ء میں ایسی دہشت گردی ہو چکی ہے مگر اب کسی کو ایسا نہیں کرنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے مطالبات کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے تسلیم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر اورنومبر میں بینظیر کی واپسی کے اعلانات جھوٹ پر مبنی ہیں ایسے ہی اپوزیشن کا گزشتہ چار سالوں میں 137 مرتبہ لانگ مارچ، 37 مرتبہ پارلیمنٹ سے استعفے دینے کی کال دی اور 1000 مرتبہ ایم ایم نے کال دی۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نوازشریف کو مخدوم امین فہیم کے لیول پر لا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پی پی اورنواز شریف کے ادوارکی بدعنوانیوں کی فہرست تیار کر لی ہے جو آئندہ انتخابات سے قبل عوام کے سامنے لائی جائے گی۔ انہوں نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کو منظم سازش کا حصہ قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ صدرجنرل پرویزمشرف پاکستان کو ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جو پوری دنیا کیلئے قابل قبول ہو دینی جماعتیں دہشت گردی کیخلاف ہمارا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہاکہ بینظیر بھٹو اورنوازشریف کے اثاثے جو بیرون ممالک ہیں ان کی لسٹ الیکشن سے پہلے جاری کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ صدر پرویزمشرف مسلم ممالک کے دورے کر رہے ہیں تاکہ فلسطین کا مسئلہ حل ہو پوری دنیا اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ محمد علی درانی نے کہا کہ صدر مشرف نے ہمیں ایک ایسا نظام دیاہے جو پوری دنیا تعریف کی نگاہ سے دیکھتی ہے یہ پہلا موقع ہے کہ صدر مشرف کی قیادت میں اسمبلیاں اپنی مدت پوری کر رہی ہیں گزشتہ نومبر میں اس اسمبلی کے چار سال پورے ہوئے اورپانچویں سال کا پہلا اجلاس گزشتہ روز شروع ہوا ہم صدر مشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت قائد اعظم کے خواب کی حقیقی تعبیر چاہتی ہے اورغریب عوام کو تحفظ دینے کیلئے کوشاں ہے مگر چند شرپسند عناصر ملک میں دہشت گردی پھیلا کرملک کو بدنام کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس، علماء اورمدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء اپنا کردار ادا کریں اور دہشت گردی کیخلاف صدر جنرل پرویز مشرف کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ جتنا اسلام اوردین کا پرچار موجودہ دور حکومت میں ہوا ہے اتنا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ درانی نے کہاکہ چند مٹھی بھر شرپسند اسلام کو بدنام کرنے کیلئے بم دھماکے کروا رہے ہیں اس وقت پوری قوم کو اس چیلنج کا سامنا ہے جس طرح موجودہ حکومت نے بھوک، ا فلاس اوربیروزگاری پر قابوپا لیا ہے اسی طرح اس مسئلے پر بھی قابو پا لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں ایسی لیڈر شپ موجود ہے جو پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ملک اورقائد اعظم محمد علی جناح کا حقیقی پاکستان بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر مشرف ایک ایسا پاکستان بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں جو پوری دنیا کیلئے قابل قبول ہو اورکوئی ہمسایہ ملک بھی پاکستان کے کردار پر شک نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پرویزمشرف اس وقت مسلم امہ کے ممالک کے دورے کر رہے ہیں اورمسلم ممالک میں اتفاق اور اتحاد پیدا کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں تاکہ فلسطین کا مسئلہ حل ہو جائے اور مسلم ممالک میں بھی امن ہو اور صدر مملکت کے اس کام اوراس کوشش کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔

صدر پاکستان پوری قوم کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو سیاسی رہنما غلط بیان دے کر قوم میں غلط فہمی پیدا کرناچاہتے ہیں وہ اپنے گریبانوں میں جھانکیں باہر بیٹھے ہوئے ناکام سیاستدان پچھلے 5 سال سے پاکستان آنے کی رٹ لگا رہے ہیں مگر ان میں آنے کی ہمت نہیں ہے پاکستان پر پاکستانی کا حق ہے وہ جب چاہیں آئیں اوراپنے مقدمات کا حساب کتاب دینے کیلئے عدالتوں میں جائیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو پاکستان آتے ہی جیل جائیں گی اورن واز شریف واپس سعودی عرب جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ (ق) لیگ بینظیر اور نواز شریف کے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن سے پہلے جاری کر دیگی جو انہوں نے پاکستان کولوٹ کر غیر ممالک میں بنائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں 137 دفعہ لانگ مارچ کرنے کے اعلانات ہوئے 37 دفعہ پارلیمنٹ سے استعفے دینے کی کال ہوئی اورہزار مرتبہ ایم ایم اے نے کال دی مگر اسمبلی اپنی مدت پوری کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ (ق) لیگ اپنی سابقہ کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن میں حصہ لے گی اورکامیاب ہوگی۔ الیکشن میں دھاندلی کو ہم سیاسی دہشت گردی سمجھتے ہیں اور یہ دہشت گردی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ صدر پرویزمشرف پاکستان ہیں وہ کسی بھی جلسے میں جا کر خطاب کریں گے جہاں انہیں دعوت دی جائے گی اسلام آباد میں بم دھماکوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہر دفعہ دہشت گرد نیا طریقہ استعمال کرتے ہیں مگر سکیورٹی اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر عوام کی حفاظت کرتے ہیں اور کوئی بڑا نقصان نہیں ہونے دیتے۔