ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری‘ سردی کی شدت میں اضافہ۔ساہیوال میں بارش کے باعث بس الٹنے سے 5 مسافر جاں بحق‘ 30 زخمی۔بلوچستان میں آر سی ڈی شاہراہ پر پل بہہ گیا‘ کوئٹہ اور کراچی کے درمیان زمینی رابطہ منقطع۔زلزلہ زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں معطل‘ لینڈ سلائیڈنگ سے اکثر شاہرائیں بند۔ بارشوں کا سلسلہ مزید ایک دو روز تک جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی

ہفتہ 10 فروری 2007 15:59

ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری‘ سردی کی شدت میں اضافہ۔ساہیوال ..
اسلام آباد+لاہور+ساہیوال‘+ کوئٹہ+ مظفر آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 10فروری2007 ) ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید ایک دو روز تک موجودہ سلسلہ جاری رہنے کی پیشنگوئی کی ہے‘ زلزلے سے متاچرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں معطل‘ مٹی کے تودے گرنے سے مظفر آباد‘ وادی نیلم‘ مظفر آباد‘ لیپہ اور مظفر آباد سدھن گلی کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہوگیا‘ پہاڑوں پر برفباری‘ ادھر ساہیوال میں عارف والا روڈ پر بارش کے باعث مسافر بس الٹنے سے پانچ مسافر جاں بحق جبکہ تیس زخمی ہوگئے بلوچستان میں آر سی ڈی شاہراہ پر پل بہہ گیا جس کے نتیجے میں کوئٹہ اور کراچی کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی ٹریفک کے معمولی حادثات کی اطلاعات ملی ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہيں ہوا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت ‘ آزاد جموں وکشمیر اور شمالی علاقہ جات سمیت ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے بارش کا موجودہ سلسلہ مزید ایک دو روز تک جاری رہنے کی پیشنگوئی کی ہے۔ دریں اثناء ساہیوال میں عارف والا روڈ پر مسافر بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور تیس زخمی ہوگئے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پر بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

حادثے کے بعد مقامی افراد اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی افراد اور لاشوں کو نکالا۔ ادھر بلوچستان کے علاقے بیلا میں تین روز سے جاری موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی بارش پانی کے تیزرفتار ریلے سے ندیوں اور نالوں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی اور دور دراز کے پہاڑی اور میدانی علاقوں میں بارش کے پانی کے تیز رفتار ریلے کے باعث بیلہ کے قریب آر سی ڈی شاہراہ پر واقع ایک پل پانی کے ریلے میں بہہ گیا جس کے باعث آرسی ڈی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگیا اور کوئٹہ اور کراچی کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہوگیا اور سینکڑوں گاڑیاں اور مسافر پھنس گئے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ضلعی انتظامیہ کے مطابق مقامی پولیس ‘ ایف سی اور دیگر نے امدادی کارروائیاں شروع کردی ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی طوفانی بارشوں کے باعث یہ پل بہہ گیا تھا اور مسلسل دو دن تک ٹریفک معطل رہی اور کراچی اور کوئٹہ کے درمیان آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔انتظامیہ کے مطابق جب تک یہاں پانی کے ریلوں کے بہاؤ میں کمی نہیں آجاتی اور پانی کا زور ٹوٹ نہیں جاتا اس وقت تک پل کی مرمت کا کام ہونا مشکل ہے انہوں نے بتایا کہ کراچی سے ہیوی مشینری کے رابطہ کیا گیا جو جلد پہنچ جائے گی۔

ادھر زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں بارشوں کے باعث اور مٹی کے تودے گرنے سے مظفر آباد نیلم‘ مظفر آباد لیپہ اور مظفر آباد سدھن گلی کے درمیان زمینی راستہ منقطع ہوگیا ہے اکثر علاقوں میں امدادی سرگرمیاں معطل ہوگئیں۔ جبکہ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ مزید ایک دو روز تک جاری رہنے کی پیشنگوئی کی ہے۔