شفاف الیکشن کی امید نہیں مگر حصہ ضرور لیں گے ۔ قاضی حسین احمد

اتوار 11 فروری 2007 13:43

خیرپورٹامیوالی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 11فروری2007 ) متحدہ مجلس عمل کے صدر اور جماعت اسلامی کے امیر قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ ایک جنرل کی موجودگی میں صاف اور شفاف الیکشن کی کوئی امید نہ ہے مگر اس کے باوجود بھی الیکشن میں حصہ ضرور لیں گے الیکشن کا بائیکاٹ کر کے میدان مخالفین کو نہیں دینا چاہتے وہ جماعت اسلامی شباب ملی ضلع بہاولپور کے نائب صدر قاری سعید احمد جماعت اسلامی سٹی خیرپور ٹامیوالی کے امیر قاری کلیم اللہ کی قیادت میں لاہور منصورہ میں جماعت کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے وفد کے ارکان کے مطابق قاضی حسین احمد نے کہاکہ صدر جنرل پرویزمشرف الیکشن نہ کرانے اور اقتدار کو طول دینے کا بہانہ تلاش کر رہے ہیں ان کی مذہبی جماعتوں کے خلاف انتہا پسندی عروج پر پہنچ چکی ہے ملک اور اس کی عوام کو ہائی جیک کر لیا گیا ہے سیاسی کارکنوں اور صحافیوں پر ظلم و تشدد بربریت کی انتہا ہو چکی ہے ہر جگہ ناانصافی لاقانونیت تخریب کاری اور مہنگائی قتل و غارت گری عروج پر پہنچ چکی ہے خود کش حملوں سے بے گناہ افراد مارے جا رہے ہیں عوام روٹی کے نوالے کو ترس رہی ہے مگر حکمران غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے نت نئے حربے استعمال کر رہے ہیں اور اسلام سے عوام کو دور کرنے کیلئے نئے آرڈیننس اور نصاب لائے جا رہے ہیں مگر متحدہ مجلس عمل غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے والوں کے خطرناک عزائم ناکام بناتے ہوئے 2007ء کے الیکشن میں بھرپور طریقہ سے حصہ لے گی انہوں نے کہاکہ 2007ء ہی الیکشن کا سال ہے ہم استعفوں کو ایشو نہیں بنائیں گے جماعت اسلامی کے کارکنان الیکشن کی تیاریاں شروع کرتے ہوئے نگر نگر گلی گلی پھیل جائیں انشاء اللہ مستقبل متحدہ مجلس عمل کا ہے ہم اسلام دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور انہیں اقتدار چھوڑنے پر مجبور کر دیں گے انہوں نے کہاکہ اگر حکمران طبقہ نے الیکشن 2007ء میں کرانے کی بجائے اقتدار کو طول دینے کی کوشش کی تو متحدہ مجلس عمل تحریک چلانے پر مجبور ہو جائے گا اور اس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کا تعاون حاصل کیا جائے گا-