ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ، حادثات میں 7 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

پیر 12 فروری 2007 14:38

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ، حادثات میں ..
اسلام آباد/پشاور/ مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12فروری۔2007ء) ملک کے مختلف علاقوں میں پیر کے روز بھی بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہا ۔ بارش سے سات افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔کئی علاقوں میں مواصلات کا نظام اب بھی بحال نہیں ہوسکا ہے۔نوشہرہ اور گردونواح میں شدید بارش کے باعث گزشتہ رات مکان کی چھت گرنے سے چھ افراد ہلاک اورمختلف واقعات میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مظفرآباد اور گردو نواح میں اکیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بارش کے باعث زندگی معطل ہو گئی ہے۔بارش اور برفباری کے نتیجے میں مٹی کے تودے گرنے سے مظفر آباد اٹھمقام روڈ کئی مقام پر جب کہ محمود گلی ،باغ روڈ ،ریشیاں لیپہ روڈ اور سْدھن گلی چکار روڈ بند ہے۔

(جاری ہے)

مسلسل بارش کے باعث کوہاٹ نظام پور روڈ پر ٹریفک معطل ہے۔ایبٹ آباد سے نتھیا گلی اور مری جانے والی سڑک کالاباغ کے مقام پر بند ہے۔ گلیات کی تمام رابطہ سڑکیں ،نتھیا گلی بکوٹ روڈ ،کالاباغ سجن گلی روڈ ،نتھیاگلی نملی میرہ روڈ ،ایوبیہ خانپور روڈ اور تاجوال روڈ بند ہیں۔ باجوڑ ایجنسی کے کئی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کرم ایجنسی ، شمالی وجنوبی وزیرستان اور ملحقہ علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ تھم گیا ہے۔

جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹکی میں شدید بارشوں سے چار مکانات منہدم ہو گئے جب کے گزشتہ روز برانی نالہ عبور کرتے ہوئے سیلابی ریلے میں بہنے والے دوبھائیوں میں سے ایک کی لاش جب کہ ایک کو زندہ حالت میں نکال لیا گیا ہے۔پشاور میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ بلوچستان ،پنجاب اور سندھ میں موسم خشک ہے۔

متعلقہ عنوان :