حکومت اور علماء کے مذاکرات کامیاب، مسجد امیر حمزہ کی دوبارہ تعمیر کا مطالبہ تسلیم، دیگر مساجد کو دیئے جانے والے تمام نوٹس منسوخ ،مدارس اور مساجد کا از سر نو جائزہ لینے کیلئے کمیٹی کے قیام پر اتفاق، علماء کے وفد نے اعجاز الحق کے ہمراہ جامع مسجد سیدنا امیر حمزہ کی از سر نو تعمیر کیلئے سنگ بنیادرکھ دیا

پیر 12 فروری 2007 16:02

حکومت اور علماء کے مذاکرات کامیاب، مسجد امیر حمزہ کی دوبارہ تعمیر کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12فروری۔2007ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان اور حکومت کے درمیان مساجد اور مدارس کے حوالے سے گزشتہ دو ہفتے سے جاری مذاکرات بالآخر کامیاب ہو گئے حکومت نے مسجد امیر حمزہ کی دوبارہ تعمیر کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے دیگر مساجد کو دیئے جانے والے تمام نوٹس منسوخ کر دیئے ہیں- جبکہ مدارس اور مساجد کا از سر نو جائزہ لینے کیلئے کمیٹی کے قیام پر اتفاق ہوگیا ہے پیر کو وفاق المدارس پاکستان کے صدر مولانا سلیم اللہ خان کی قیادت میں ملک بھر کے جید علماء کرام کے وفد نے وزیراعظم شوکت عزیز کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی اس موقع پر علماء کرام نے دینی مدارس،غیر ملکی طلباء کے اخراج،حقوق نسواں ایکٹ اور اسلام آباد کی مساجد اور مدارس کے متعلق بات چیت کی اور اس موقع پر اتفاق رائے سے فیصلہ ہوا کہ تمام معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے گا اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور محمد اعجاز الحق بھی موجود تھے بعد ازاں وفاقی وزیر مذہبی امور محمد اعجاز الحق کے ہمراہ علماء کرام کے وفد نے وزیر داخلہ کی رہائش گاہ پر تقریبا تین گھنٹے تک تفصیلی مذاکرات کئے- مذاکرات میں سیکرٹری داخلہ سید کمال شاہ،آئی جی اسلام آباد،ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد علی،اے آئی جی راؤ محمد اقبال کے علاوہ علماء کرام نے شرکت کی مذاکرات کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور محمد اعجاز الحق نے بتایا کہ حکومت نے اس مسئلے کو بات چیت اور گفتگو شنید کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا او ربالا ٓخر یہ بات چیت نتیجہ خیز ثابت ہو ئی- مدرسہ جامعہ حفصہ اور علماء کرام کے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے حکومت نے جامع مسجد امیر حمزہ کو ازسر نو تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا جس کی واضح مثال اس کا آج ہی سنگ بنیاد رکھنا ہے-انہوں نے کہا کہ دیگر مساجد کو دیئے گئے نوٹسز بھی منسوخ کر دیئے گئے ہیں حکومت نے طالبات کے مطالبات کو تسلیم کیا ہے اب وہ چلڈرن لائبریری کو خالی کر دیں- محمد اعجاز الحق نے کہاکہ محاذ آرائی سے مدارس کو نقصان اور اسلام کا امیج خراب ہوتا ہے اب طالبات کا کوئی مطالبہ باقی نہیں رہا لہذا ان سے ہم اپیل کرتے ہیں کہ وہ چلڈرن لائبریری سے اپنا قبضہ ختم کر دیں- اس موقع پر قاری حنیف جالندھری نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے جید علماء کرام نے حکومت کے ساتھ تفصیلی مذاکرات کئے اور اس کے نتیجہ میں علماء کرام انتظامیہ اور سی ڈی اے کے حکام پر مشتمل ایک کمیٹی کے قیام پر اتفاق ہوا - کمیٹی معاملات کو گفت و شنید کے ذریعے حل کرائے گی-علماء کرام طالبات اور مدرسے کے منتظمین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ چلڈرن لائبریری کا قبضہ ختم کر دیں کیونکہ ان کے مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں بعد ازاں وفاق المدارس کے علماء کرام کے وفد نے وفاقی وزیر مذہبی امور محمد اعجاز الحق کے ہمراہ جامع مسجد سیدنا امیر حمزہ کی از سر نو تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا-

متعلقہ عنوان :