طالبان نے امریکی اور نیٹو افواج پر خونی حملوں کیلئے 10 ہزار جنگجو تعینات کر دیئے،غیر ملکی افواج کو افغانستان سے نکال کر دم لیں گے، ملا عبدالرحیم کی سیٹلائٹ فون کے ذریعے برطانوی خبررساں ادارے سے گفتگو

جمعہ 16 فروری 2007 21:26

طالبان نے امریکی اور نیٹو افواج پر خونی حملوں کیلئے 10 ہزار جنگجو تعینات ..
سپین بولدک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16فروری۔2007ء) طالبان نے افغانستان میں امریکی اور نیٹو فورسز پر حملوں کیلئے 10 ہزارجنگجوؤں کی تعیناتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کو غیر ملکی تسلط سے نجات دلا کر دم لیں گے، صوبہ ہلمند میں طالبان کمانڈر ملا عبدالرحیم نے کسی خفیہ مقام سے برطانوی خبررساں ادارے کو سیٹلائٹ فون پر بتایا کہ بہار کے موسم میں جونہی برف پگھلنے کا عمل شروع ہوگا نیٹو اور امریکی فورسز پر خونی حملوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم موسم کی تبدیلی ہی کا انتظار کر رہے تھے۔ ملا عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ یہ حملے زیادہ تر جنوبی علاقوں میں کئے جائیں گے جہاں برطبان تحریک نے جنم لیا تھا۔ طالبان کمانڈر کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین نے پہلے کبھی غیر ملکی تسلط قبول کیا تھا نہ آئندہ کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ نیٹو افواج کا منفی استعمال کر رہا ہے جس کا نیٹو ممالک کو احساس ہونا چاہیے۔

ملا عبدالرحیم نے افغان حکومت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات پر کہا کہ پاکستان طالبان کا گڑھ پہلے کبھی تھا نہ اب ہے طالبان تحریک نے افغانستان ہی میں جنم لیا تھا اس کے جنگجوؤں کے تمام ٹھکانے بھی افغانستان ہی میں ہیں۔ طالبان کمانڈر کا کہنا تھا کہ 10 ہزار جنگجوؤں کو تمام تر کیل کانٹوں سے لیس کر دیا گیا ہے جو بہت جلد خونی حملوں کا سلسلہ شروع کر دیں گے۔