پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی تھر ایکسپریس حیدرآباد اور میرپورخاص سے مزید مسافروں کو لیکر روانہ

ہفتہ 17 فروری 2007 12:42

پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی تھر ایکسپریس حیدرآباد اور میرپورخاص ..
حیدر آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 17فروری2007 ) پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی ٹرین تھر ایکسپریس چھ ماہ کے تعطل کے بعد حیدرآباد اور میرپورخاص سے مزید مسافروں کو لیکر کھوکھراپار کے زیروپوائنٹ کے لئے روانہ ہوگئی۔ تھرایکسپریس کراچی سے حیدرآباد پہنچنے پر مسافروں اور ان کے عزیز و اقارب نے شاندار استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

حیدرآباد سے اکتیس مسافر بھارت جانے کیلئے ٹرین میں سوار ہوئے۔ اس موقع پر مسافروں نے حیدرآباد سے مسافروں کا کوٹہ سڑسٹھ سے کم کرکے اکتیس کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ کوٹہ بڑھایا جائے۔ جبکہ میرپورخاص سے ٹرین میں مزید ستائیس مسافر سوار ہوئے۔بھارت کی جانب سے ٹرین سروس دوبارہ شروع کئے جانے کے بعد جمعرات سے کراچی، حیدرآباد اور میرپور خاص میں بکنگ کا آغاز کردیا گیاتھا۔

(جاری ہے)

ریلوے ذرائع کے مطابق حیدآباد اور میر پور خاص میں مسافروں کی کم تعداد کے باعث ان دونوں اسٹیشن کا کوٹہ کم کر کے کراچی کا ریزرویشن کوٹہ بڑھا دیا گیا ہے۔ تھر ایکسپریس ہفتہ کی دوپہر بارہ بجے بھارتی مسافروں کو لے کر موناباوئو کے راستے زیرو پوائنٹ پہنچے گی اور شام پانچ بجے پاکستانی مسافروںٕ‌کو لے کربھارت کے لئے روانہ ہو جائے گی۔واضح رہے کہ اکیس اگست دوہزار چھ میں بھارت کی جانب سے، بارشوں کے دوران ڈسٹرکٹ بامر میں ریلوے لائن کو نقصان پہنچنے کے باعث، زیرو پوائنٹ اور مونا باوٴ کے درمیان سروس معطل کر دی گئی تھی۔ تھر ایکسپریس کی حفاظت کے لئے دوبوگیوں پر مشتمل حفاظتی عملہ بھی ساتھ روانہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :