ملکی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر کوہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ،عوام آئندہ انتخابات میں انتہا پسندوں کو مستر د کر کے ترقی اور خوشحالی کے علمبرداروں کو ووٹ دیں ، صدرمشرف

ہفتہ 17 فروری 2007 20:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17فروری۔2007ء) صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ انتہاء پسندی ، فرقہ واریت اور دہشت گردی سے ملک کی ترقی کو خطرہ لاحق ہے انہوں نے خبردار کیا کہ ملک کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر کوہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے یہ بات فیصل آباد میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی صدر نے کہا کہ انتہاء پسند عناصر اسلام کو بدنام کررہے ہیں حالانکہ اسلام امن رواداری اور ہم آہنگی کا درس دیتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ عناصر نہ صرف ہمارے مذہب اور ملک کو بدنام کررہے ہیں بلکہ ملک کی سماجی واقتصادی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ انتہاء پسند عناصر ملک کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کروانے والے چینی انجینئروں کی ہلاکتوں میں ملوث ہیں صدر نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں انتہاء پسند عناصر کو مسترد کر دیں اور ترقی اور خوشحالی کے علمبرداروں کو ووٹ دیں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی جمہوریہ ہے اورقائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے تصورات کے مطابق اسلامی تعلیمات پر عملدرآمد کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے انتہاء پسندی کو مسترد کردیا تھا اور اعتدال پسندی اور تحمل وبرداشت کی تلقین کی تھی ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء فیصل آباد کے نزدیک ساہیانوالہ کے مقام پر ایم تھری صنعتی علاقے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ حکومت نے تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بہتر انداز میں استعمال میں لانے کا عزم کررکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو صنعتی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ملک بھر میں صنعتی علاقے قائم کئے جارہے ہیں صدرنے کہا کہ مستقبل کی حکمت عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت فیصلے کئے جارہے ہیں تاکہ پاکستان کو اقتصادی لحاظ سے فعال اور ترقی یافتہ ملک بنایا جاسکے صدر نے کہا کہ یہ وقت کا تقاضا ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں چھوٹی درمیانی اور بڑی صنعتیں قائم کی جائیں اور ترقی یافتہ ملکوں سے مسابقت کیلئے پیداوار بڑھائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :