عراق‘ ٹرک دھماکے میں 5 افراد ہلاک‘ 75 زخمی۔ امریکہ کی اپنے مزید 9 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق

منگل 20 فروری 2007 14:06

عراق‘ ٹرک دھماکے میں 5 افراد ہلاک‘ 75 زخمی۔ امریکہ کی اپنے مزید 9 فوجیوں ..
بغداد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20فروری2007 ) بغداد میں ایک ٹرک میں دھماکے سے پانچ افراد ہلاک جبکہ 75 زخمی ہوگئے ہیں‘ ادھر امریکی فوج نے عراق میں مختلف واقعات کے دوران اپنے مزید نو فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق منگل کے روز بغداد کے شمالی علاقے تاجی میں ایک ریسٹورنٹ کے قریب ٹرک دھماکہ ہوا ۔پولیس کے مطابق ٹرک میں مائع گیس کے سلنڈرز بھرے ہوئے تھے۔

دھماکے کے فوری بعد علاقے کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

دھماکے میں پانچ افراد ہلاک اور75 زخمی ہوئے ہیں جن میں کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ ادھر امریکی فوج کی طرف سے جاری ہو نے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز خودکش حملے اور دیگر کارروائیوں میں 9 امریکی فوجی مارے گئے ہیں۔ ان میں سے جنوب مشرقی بغداد میں دھماکے سے تین امریکی فوجی مارے گئے۔بغداد کے شمال میں امریکی چوکی پر خود کش حملے میں دو امریکی فوجی ہلاک ہو ئے۔صوبہ الانبار میں مزاحمت کاروں سے لڑائی میں مزید تین امریکی فوجیوں مارے گئے ۔ جبکہ امریکی محکمہ دفاع کے مطابق عراق جنگ میں مارے جانے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 3138ہو گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :