سمجھوتہ ایکسپریس حادثے میں جاں بحق ہونے والے 22پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی ہے ۔ خسرو بختیار

منگل 20 فروری 2007 14:23

سمجھوتہ ایکسپریس حادثے میں جاں بحق ہونے والے 22پاکستانیوں کی شناخت ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20فروری2007 ) خارجہ امور کے وی رمملکت خسرو بختیار نے کہا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس میں جاں بحق ہونے والے 68 افراد میں سے 49 کی شناخت ہوچکی ہے جن میں سے 22پاکستانی ہیں ہندوستان کے وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات میں جو بھی رپورٹ سامنے آئے گی وہ پاکستان کو فراہم کریں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز قومی اسمبلی میں واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کیا۔

خسرو بختیار نے کہا کہ صدر مشرف اور وزیراعظم شوکت عزیز نے ہندوستانی وزیراعظم سے بات کی جس کے بعد بھارت نے کہا کہ جو بھی تحقیقات سامنے آئیں تو پاکستان کو فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں 68 جانیں ضائع ہوئی ہیں اور اب تک 49 افراد کی شناخت کی گئی ہے ان میں سے بائیس پاکستانی باقی ہندوستانی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو پاکستانی دہلی برننگ سنٹر میں زخمی موجود ہیں ان کو ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق 48 گھنٹوں تک پاکستان نہیں لایا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ واہگہ بارڈر سے اب تک تیس افراد جو متاثرین کے لواحقین ہیں ان کو ویزے جاری کردیئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ حملہ چھ مارچ کو دونوں ممالک کے مابین دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہونے والی میٹنگ کو خراب کرنے کے لئے کیا گیا ہے تاہم وہ میٹنگ ہوگی اور اس میں اس معاملے کو اٹھایا جائے گا ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اس سے تحقیقات جاری ہیں لاشوں کے لانے کے لئے حکومت اقدامات کررہی ہے انہوں نے کہا کہ جو لاشیں مکمل جل گئی ہیں ان کی ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے شناخت کی جائے گی او راس میں سے 19لاشیں ایسی ہیں جن کی شناخت ہوگئی ہے۔

متعلقہ عنوان :