قومی اسمبلی کی طرف سے سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ کی شدید مذمت‘ تحقیقات میں پاکستانی ایجنسیوں کو شامل کرنے کا مطالبہ۔ سانحہ پر پورا پاکستان غمزدہ ہے‘ راجہ پرویز اشرف‘ بھارتی حکومت جان بوجھ کر تعاون نہیں کررہی۔ فاروق امجد میر

منگل 20 فروری 2007 14:27

قومی اسمبلی کی طرف سے سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ کی شدید مذمت‘ تحقیقات ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20فروری2007 ) قومی اسمبلی نے سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاک بھارت تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ امن دشمن عناصر کو پاک بھارت امن عمل متاثر کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا‘ بھارت واقعہ کی تحقیقات میں پاکستانی ایجنسیوں کو بھی شامل کرے اور زخمی افراد بارے مکمل تعاون کرے۔

منگل کے روز قومی اسمبل کے اجلاس میں معمول کی کارروائی روک کر سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس پر بحث کی گئی بحث کا آغاز کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس کے سانحے پر پورا پاکستان غمزدہ ہے اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہم اظہار ہمدردی کرتے ہیں واقعہ کے بعد بھارت کا تعاون نہ کرنا افسوسناک ہے ٹرین کو لاک اپ کی شکل دے کر لے جانا باعث حیرت ہے اس بارے بھارت سے بات کی جائے شکا رپور اور بہاولپور ٹرین حادثات بھی افسوس ناک ہیں پورے ملک میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے کو واقعہ کے بعد خود دہلی جانا چاہئے تھا حکومتی رکن فاروق امجد میر نے کہا کہ ہم جاں بحق افراد کے لواحقین کے جذبات اور دکھ میں شریک ہیں دونوں ممالک کے مابین امن عمل کامیابی سے آگے جارہا ہے مگر بعض عناصر اس کی کامیابی نہیں چاہتے اور ان لوگوں نے یہ کارروائی کی بھارتی حکومت جان بوجھ کر تعاون نہیں کررہی وہ نالائق ہیں مرنے والے ان کے اپنے ہوتے تو بھی یہ بے حس ہوتے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اس وقت الزام تراشی نہ کرے ورنہ دہشت گرد مضبوط ہوں گے ہمیں اتحاد اور یک جہتی دکھانی ہے۔

(جاری ہے)

امن عمل کو ٹریک سے اتارنا دہشت گردوں کو کامیاب کرنا ہے دہشت گردی کے باوجود ہم امن عمل جاری رکھیں گے۔ مجلس عمل کے فرید پراچہ نے کہا کہ بھارتی حکومت کا رویہ درست نہیں ہے زخمیوں کے نام نہیں دیئے گئے یہ کیسا امن عمل اور دوستی معاہدہ ہے جو یک طرفہ ہے یہ واقعہ بھارت یں ہوتا تو فوری طور پر آئی ایس آئی پر الزام لگاتا اور اپنے کسی بھی وزیر کا دورہ منسوخ کردیتا مگر ہمارے وزیر خارجہ قصوری بھارت چلے گئے وہاں ہمارے بھائیوں کی لاشیں پڑی ہوئی ہیں اور وہ امن عمل کی بات کرنے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت اس سانحہ کے بعد جشن بہاراں منسوخ کرے اور قوم کے غم میں اضافہ نہ کرے وزیر امور کشمیر طاہر اقبال نے کہا کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس میں جاں بحق ہونے والے شہید ہیں ہمیں اس لمحے کسی پر انگلی نہیں اٹھانا چاہئے یہ بہت بڑا صدمہ ہے اور الله سے معافی مانگی جائے انہوں نے کہا کہ امن عمل کا مقصد کشمیر کے مسئلے کا حل نکالنا ہے جو کشمیریوں کی خواہشات کے تحت ہوگا بھارت سے ایسے واقعات کے باوجود مذاکرات جاری رکھے جائیں اس سے دہشت گردوں کو شکست ہوگی دونوں حکومتیں آپس میں تعاون کریں اور واقعہ کی مشترکہ تحقیقات کی جائیں تاکہ حقائق سامنے آئیں انہوں نے کہا کہ الزام تراشی کے بجائے تعاون دکھانا ہوگا لوگوں کو لاک کرکے سفر نہ کرایا جائے دونوں ممالک کے مسافروں کے لئے سفری سہولیات بڑھائی جائیں دونوں ایک دوسرے پر اعتماد کریں مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے کام کیا جائے لوگوں کو چھتوں پر سفر نہ کرنے دیا جائے اس بارے لوگوں کو آگاہی دی جائے۔

مسلم لیگ (ن) کے پرویز ملک نے کہا کہ سانحہ میں صرف پاکستانیوں کو نشانہ بنایا گیا یہ امن عمل سبوتاژ کرنے کی سازش ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے حقوق نہیں چھوڑنے چاہئیں اور ملکی وقار کے تحت بات چیت آگے بڑھائی جائے انہوں نے کہا کہ ٹرین کو سکیورٹی فراہم کرنے کے معاملے پر معاملات پہلے ہی طے ہوجانے چاہئے تھے کیا وزیر ریلوے کو معلوم نہیں تھا کہ مسافر لاک اپ میں لائے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ ریلوے حادثات میں اضافہ ہورہا ہے اور اپوزیشن ان معاملات کی طرف توجہ دلاتی رہے گی انہوں نے کہا کہ امن عمل کے دشمنوں کی یہ کارروائی ہے۔

حکومتی رکن ریحانہ علیم مشہدی نے کہا کہ یہ پوائنٹ سکورنگ کا وقت نہیں ہے ابھی تک عزیز و اقارب کو اپنے عزیزوں کے بارے میں معلوم نہیں ہے بھارت سے دوستی کے لئے خود داری اور عزت برقرار رکھی جائے بھارت دوستی کے نام پر ذبح کرنا چاہتا ہے ہمیں بھارتی کلچر نہیں اپنانا چاہئے دہشت گردی نہیں رک رہی اور ملکی قیادت دہشت گردی کو ہوا دینے والے بیانات نہ دے ہمیں اپنی پالیسیاں تبدیل کرنا ہوں گی انہوں نے کہا کہ بھارت سے ذاکرات کا آج تک جو نتیجہ آیا اس ہاؤس میں اس پر بحث نہیں کی گئی اگر یہ ہاؤس بالاتر ہے تو اسے اعتماد میں لیا جائے۔

سانحہ کے سوگ میں تمام بسنت میلے ختم کردیئے جائیں پوری امت مسلمہ پریشانی کا شکار ہے مگر ہم متحد نہیں ہورہے۔ مسلم لیگ(ن) کی میمونہ ہاشمی نے کہا کہ مسافروں کی حفاظت کی ذمہ داری ریلوے پر ہے اس حوالے سے ذمہ داری پوری نہیں کی گئی زخمی مسافروں کو سنبھالنے والا کوئی نہ تھا انہوں نے کہا کہ بھارت سے امن عمل برابری کی بنیاد پر آگے بڑھایا جائے مجلس عمل کے مولانا ایم خان شیرانی نے کہا کہ اس سانحے کے سوگ میں تمام کھیل تماشے بند کئے جائیں ٹرین کی چھت پر ڈانس دکھانے والے ٹی وی اشتہارات بند کئے جائیں بھارت سے مذاکرات قومی انا برقرار رکھتے ہوئے کئے جائیں۔

حکومتی رکن مہناز رفیع نے کہا کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس دہشت گردی کا واقعہ ہے بوگیوں میں دھماکہ خیز مواد موجد تھا جس کی وجہ سے آگ لگی انہوں نے کہا کہ بعض لوگ دونوں ممالک کے درمیان امن نہیں چاہتے اس لئے وہ ایسی کارروائیاں کرتے ہیں کیا بھارتی حکومت کو دھماکہ خیز مواد نظر نہیں آیا ابھی تک انتہا پسند پکڑے نہیں گئے بھارتی حکومت کا تعاون نہ کرنا افسوسناک ہے اپوزیشن کی شکیلہ خانم رشید نے کہا کہ سمجھتہ ایکسپریس کے ساتھ ایک سیفٹی بوگی لگائی جائے تاکہ حادثات کی صورت میں امداد مل سکے انہوں نے کہا کہ بھارت سے صلح کا راستہ نہ چھوڑا جائے تاکہ امن دشمنوں کو شکست ہو زخمیون کی طبی امداد صحت یابی تک جاری رکھی جائے ایم کیو ایم کے عبدالقادر خانزدہ نے کہا کہ واقعہ کے زخمیوں کی دیکھ بھال کے لئے کوئی سیاسی یا سماجی جماعت یا تنظیم موجود نہ تھی جو افسوسناک ہے متاثرہ افراد کی بڑی تعداد سندھ سے تعلق رکھتی ہے۔

اپوزیشن کی یاسمین رحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی سانحہ کی شدید مذمت کرتی ہے پوری قوم سوگ میں مبتلا ہے لوگوں کو نشانہ بنا کر مارا جارہا ہے ہماری انٹیلی جنس ایجنسیاں کیوں ایسے لوگوں تک نہیں پہنچ پارہیں سمجھوتہ ایکسپریس کو خونی ایکسپریس بنا دیا گیا ہے انہوں نے ریلوے حادثات کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ مجلس عمل کے حسین محنتی نے کہا کہ سانحہ میں را بھی ملوث ہوسکتی ہے حکومت فوری طور پر اپنی انٹیلی جنس ٹیمیں بھیجے اور بھارت سے احتجاج کرے اور اعتماد کی بحالی کے اقدامات روک دے ورنہ دیگر ٹرینیں اور بسیں بھی متاثر ہوں گی پارلیمانی سیکرٹری فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دہشت گردوں نے یہ کارروائی کرکے پاک بھارت عوام کی آنکھیں کھول دی ہیں یہ عناصر آپس کے تعلقات نہیں چاہتے کئی افراد کو اپنے عزیزوں کے بارے میں پتہ ہی نہیں ہے زخمیوں خی واپسی کے لئے سی ون تھرٹی جلد بھیجا جائے متاثرہ لواحقین کے لئے معاوضہ بڑھایا جائے اپوزیشن کے رمیش لانی نے کہا کہ حکومت بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالے کہ وہ ملوث عناصر کو پکڑے اور جامع تحقیقاتی ٹیم بنائی جائے اقلیتی ارکان کی طرف سے ہم اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں حکومتی رکن چوہدری اعجاز نے کہا کہ واقعہ دہشت گردی کی لہر کی کڑی ہے اس کی روک تھام کے لئے مل کر کام کیا جائے انہوں نے بھارتی حکومت کے رویے کی مذمت کی۔