سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس ‘لاپتہ رشتہ داروں کی تلاش میں پاکستانیوں سے بھری لاہور بس پانی پت پہنچ گئی۔پاکستانیوں کو جاں بحق اور زخمی عزیز واقارب کی شناخت کرنے میں مشکلات ۔ بھارتی حکام پر تعاون نہ کرنے کا الزام

بدھ 21 فروری 2007 15:00

سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس ‘لاپتہ رشتہ داروں کی تلاش میں پاکستانیوں سے ..
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21فروری2007 ) سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے لاپتہ رشتہ داروں کی تلاش میں پاکستانیوں کو لیکر جانے والی بس پانی پت پہنچ گئی ۔بس گزشتہ روز واہگہ بارڈر سے روانہ ہو ئی تھی۔پانی پت میں قیام کے بعد بس دہلی کیلئے شام تک روانہ ہو گی۔کچھ خاندانوں کو امید ہے کہ ان کے رشتہ دار زندہ ہو ں گے۔جبکہ کچھ اپنے رشتہ داروں کی لاشوں کی شناخت کیلئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ سمجھوتہ ٹرین دھماکے کا نشانہ بننے والے زیادہ تر افراد کا تعلق پاکستان سے ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق جاں بحق ہو نے والے بعض افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد پانی پت میں ہی تدفین کی جارہی ہے۔ادھر بھارتی پولیس کی تحقیقات کی توجہ ٹرین پر سفرکرنے والے 4 مشتبہ افراد پر مرکوز ہو گئی ہے جن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ان کو بغیر ویزے کے ٹکٹ جاری کئے گئے اور اس حوالے سے ریلوے کے 5 افراد کو معطل بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

بھارتی پولیس نے دو مزید مشتبہ افراد کے خاکے جاری کئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق بھارت جانے والے پاکستانی شدید مشکلات سے دو چار ہیں اور انہیں رشتہ دارو ں کو شناخت کرنے میں شدید دشواریاں پیش آ رہی ہیں-جبکہ کئی افراد نے بھارتی ذرائع ابلاغ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بھارتی حکام ہم سے تعاون نہیں کر رہے ہیں اور الٹا ان سے ہی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے-