کمپیوٹر سافٹ ویئر کے مشہور عالمی ادارے مائیکرو سافٹ کو تاریخی جرمانہ

جمعہ 23 فروری 2007 13:57

کمپیوٹر سافٹ ویئر کے مشہور عالمی ادارے مائیکرو سافٹ کو تاریخی جرمانہ
لندن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23فروری2007 ) سافٹ ویئر کے مشہور ادارے مائیکرو سافٹ کو امریکی عدالت نے موسیقی کی 3 - MP ٹیکنالوجی بغیر اجازت استعمال کرنے پر ایک ارب باون کروڑ ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ مائیکرو سافٹ کو جرمانے کی یہ رقم فون بنانے والی فرانسیسی کمپنی الکاٹیل لوسنٹ کو ادا کرنا ہوگی۔ گزشتہ روز ایک برطانوی نشریاتی ادارے نے کہاہے کہ اس نوعیت کا یہ اب تک سب سے بڑا جرمانہ ہے۔

(جاری ہے)

سان ڈیاگو کی ایک عدالت میں دائر مقدمے میں الکاٹیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ مائیکرو سافٹ آواز کو ایم پی تھری فائیلز میں تبدیل کرنے کے لیے جو طریقہ کار اختیار کر رہا ہے، اس ٹیکنالوجی کے استعمال کے حقوق صرف الکاٹیل حاصل ہیں جبکہ ادھر الکاٹیل نے کہا کہ وہ اس فیصلے سے خوش ہے۔ الکاٹیل لوسنٹ کے ایک ترجمان کا کہنا تھا ’ہم نے اپنے موقف کے حق میں مضبوط دلائل پیش کیے‘۔ مائیکروسافٹ کے وکیل ٹام برٹ کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے الکاٹیل کو ایسے سینکڑوں اداروں پر مقدمات قائم کرنے کا موقع مل جائے گا جنہوں نے ان کی طرح جرمن فرم سے ایم پی تھری ٹیکنالوجی استعمال کرنے کے حقوق خرید کیے ہوئے ہیں۔