پنجاب،پتنگ بازی کے دوران حادثات میں8افراد جاں بحق ، 100سے زائد زخمی،بلا اجازت پتنگ بازی کرنے پر 200 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا

جمعہ 23 فروری 2007 23:06

پنجاب،پتنگ بازی کے دوران حادثات میں8افراد جاں بحق ، 100سے زائد زخمی،بلا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23فروری۔2007ء) پنجاب میں بسنت سے متعلق مختلف حادثات میں 8افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے، جبکہ بلااجازت پتنگ بازی پر 200 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق گزشتہ روز بسنت تہوار کے آغاز سے ایک دن قبل ہی پتنگ پکڑنے ،چھت سے گرنے، کرنٹ لگنے اور فائرنگ کے واقعات کے دوران مختلف شہروں میں 8افراد جاں بحق جبکہ 100سے زائد زخمی ہوگئے۔

فیصل آباد میں 2بچے پتنگ پکڑنے کی کوشش میں بجلی کی تاروں سے ٹکرا کر ہلاک ہو گئے جبکہ اس کو بچانے کی کوشش میں اسکا باپ فاروق زخمی ہو گیا۔جبکہ ہوائی فائرنگ کی زد میں آ کر ایک اے ایس آئی سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے ۔ اسی علاقے میں چھت سے گرنے والے 10سالہ بچے کی بینائی متاثر ہوئی۔فیصل آباد میں مجموعی طور پر پتنگ بازی کے دوران بچوں اورنوجوانوں سمیت 26 افراد کو اسپتالوں میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے فائرنگ اور پتنگ بازی میں مصروف 200سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔ادھر ساہیوال میں نوجوان قاسم علی دھاتی تار سے پتنگ اڑاتے ہوئے ڈور بجلی کے تاروں میں الجھنے پر کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ جبکہ فریدٹاؤن کے علاقے میں گلے پر ڈور پھرنے سے ایک موٹر سائیکل سوار موقع پر جاں بحق ہو گیا اور سر میں گولی لگنے سے پتنگ باز محمد سلیم موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

اوکاڑہ کے علاقے فیصل کالونی میں پتنگ پکڑنے کی کوشش میں 10 سالہ بچہ زین چھت سے گر کر ہلاک ہو گیا۔ پشاور میں ایک 11سالہ بچہ ہلاک ہو گیا۔ ڈسکہ میں بسنت منا کر واپس آنے والا موٹر سائیکل سوار نوجوان ٹرک کی ٹکر لگنے سے ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ دھاتی تار سے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ سے لاہور میں 14، فیصل آباد میں 82، ساہیوال میں 20 اور گوجرانوالہ میں 82 افراد کو حراست میں لے کر متعدد افراد کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں سیالکوٹ، گجرات، ملتان، حافظ آباد، ڈسکہ، وزیر آباد، مریدکے اور شیخوپورہ میں رات کے بعد دن بھر پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا۔

متعلقہ عنوان :