یورپین یونین نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے تعا ون کی پیش کش کردی ۔ ایماء نکلسن کی کشمیر پر پیش کردہ رپورٹ فرد واحد کی ذاتی رائے ہے یورپین پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کمیٹی کے نائب چیئرمین کی سری نگر میں گفتگو

ہفتہ 24 فروری 2007 13:21

یورپین یونین نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے تعا ون کی پیش کش کردی ۔ ..
سری نگر(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین24فروری2007 ) یورپین یونین نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے تعا ون کی پیش کش کرتے ہوئے کہاہے کہ یورپین پارلیمنٹ کی نمائندہ ایماء نکلسن کی کشمیر پر پیش کردہ رپورٹ فرد واحد کی ذاتی رائے ہے جو یورپ کی کشمیر پالیسی کو ظاہر نہیں کرتی ۔ یہ بات مقبوضہ کشمیر کے دورہ کے موقع پر یورپین پارلیمنٹ کے ایلچی اوررکن پارلیمنٹ رچڑڈ ہووٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی ۔

یورپین پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کی کمیٹی کے نائب چیئرمین ہووٹ نے کہا کہ ایماء نکلسن کی رپورٹ کا یورپین پارلیمنٹ کی پالیسی سے کوئی تعلق نہیں یہ رپورٹ نکلسن کی ذاتی رائے پر مبنی ہے اور اس پر یورپی ممالک بحث ومباحثہ کریں گے انہوں نے کہا کہ مذکورہ رپورٹ کو ایک فرد نے تیار کی ہے جو مقبوضہ کشمیر کی زمینی حقائق کوپیش نہیں کرتی پورپین پارلیمنٹ کے رکن نے کہا کہ بین الاقوامی تنظیموں اور حکومتی ذرائع سے مشاورت کرنے کے بعد ہم اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ ایماء نکلسن کی رپورٹ مکمل طورپر غیر جانبدار اور درست نہیں ہے انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی دورے پر مقبوضہ کشمیر آئے ہیں اور یہاں کی زمینی صورتحال کا ازخود مشاہدہ کررہے ہیں اور وہ یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ مقبوضہ کشمیرمیں حقیقت میں کیا ہورہا ہے اور لوگ کیا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ دورے کے بعدیورپین پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یورپین یونین کی رائے یہ ہے کہ بین الاقوامی تنظیموں انسانی حقوق کے اداروں کو بھی مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے ملوث کیاجاناچاہیے اور یہ ایک بڑا سی بی ایم ہوگا انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیرکا دورہ کرنے کی اجازت دے انہوں نے کہا کہ یورپین یونین مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے فلسطین کے مذاکرات کی طرز پر فریقین کے درمیان بات چیت کے حوالے سے تعاون کرے گی۔