چیچہ وطنی خود کش حملے سے قبل بم دھماکہ3 حملہ آور ہلاک ۔مشتبہ خود کش حملہ آور سائیکل پر جا رہے تھے کہ بم قبل از وقت پھٹ گیا‘ پولیس حکام و عینی شاہدین۔بم دھماکہ خود کش حملہ ہو سکتا ہے ‘ ڈی ایس پی چوہدری بشیراحمد‘ جائے وقوعہ سے حملہ آور کی موبائل سم ‘ تسبیح اور ٹوپی برآمد ‘ تحقیقات شروع کر دی گئیں۔(اپ ڈیٹ)

ہفتہ 24 فروری 2007 14:15

چیچہ وطنی خود کش حملے سے قبل بم دھماکہ3 حملہ آور ہلاک ۔مشتبہ خود کش حملہ ..
چیچہ وطنی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین24فروری2007 ) چیچہ وطنی میں تخریب کاری کی غرض سے جانے والے 3 مشتبہ خود کش حملہ آور قبل از وقت بم پھٹنے سے ہلاک ہو گئے ہیں ۔ پولیس حکام کے مطابق ہفتے کی صبح چیچہ وطنی میں منڈی مویشی روڈ پر تخریب کاری کی غرض سے جانے والے 3 مشتبہ خود کش حملہ آور میں سے 2قبل از وقت بم پھٹنے سے ہلاک ہو گئے جبکہ اس دوران ایک زخمی ہو گیاجسے زخمی حالت میں طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی منتقل کر دیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

عینی شاہدین اور پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں مرنے والے حملہ آور سائیکل پر سوار تھے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ حملہ آوروں کے جسم کے اعضاء دور دور تک بکھر گئے۔ ڈی ایس پی چیچہ وطنی چوہدری بشیر احمد کے مطابق بم دھماکہ خود کش حملہ معلوم ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

واقعے کے بعد ضلع ناظم رائے حسن نواز خان اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما رائے عزیز اللہ خان فوراًموقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے پولیس حکام کو واقعے کی جلد از جلد تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق جائے حادثہ سے مشتبہ خود کش حملہ آور کے موبائل کی سم ‘ تسبیح اور ٹوپی بھی ملی ہے جسے قبضے میں لیکر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔ زخمی ہونے والے شخص کا نام عدیل بتایا گیا ہے۔ ہسپتال ذرائع نے زخمی ہونے والے شخص کی حالت خطرے سے باہر بتائی ہے۔ریجنل پولیس آفیسر ملتان مرزا محمد علی کے مطابق ہلاک ہونے والا تیسرا شخص بھی دہشت گردوں کاساتھی تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ واقعہ 6:26منٹ پر پیش آیا۔