عراق‘ کار بم دھماکے میں زخمی ہونیوالے 3 امریکی اہلکار ہلاک۔عراقی مزاحمت کاروں نے 14 عراقی پولیس اہلکاروں کے قتل کی ویڈیو جاری کردی۔آئندہ 2ہفتوں تک عراقی کابینہ میں تبدیلیاں لانے کا علان‘ شدت پسندوں کیساتھ تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی ۔ عراقی وزیراعظم نوری المالکی

اتوار 4 مارچ 2007 12:31

عراق‘ کار بم دھماکے میں زخمی ہونیوالے 3 امریکی اہلکار ہلاک۔عراقی مزاحمت ..
بغداد (اردوپوئنٹ تازہ ترین اخبار04 مارچ2007) عراقی دارالحکومت بغداد کے وسطی علاقے میں بم دھماکے کے نتیجے میں تین امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ عراقی مزاحمت کاروں نے گزشتہ روز قتل ہونے والے 14 عراقی پولیس اہلکاروں کی ویڈیو جاری کردی ادھر عراقی وزیراعظم نوری المالکی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ دو ہفتوں تک اپنی کابینہ میں تبدیلی لائیں گے اور شدت پسندوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق میں امریکی فوجی حکام نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں گزشتہ روز عراق کے وسطی علاقے میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے تین فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے واضح رہے کہ گزشتہ روز تینوں اہلکار کا ربم حملے میں زخی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

حالیہ ہلاکتوں کے بعد عراق پر امریکی قبضے سے لے کر اب تک ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعاد 3166 ہوگئی ہے۔

ادھر عراقی مزاحمتی تنظیم اسلامک سٹیٹ آف عراق نے عراقی خاتون سے مبینہ جنسی زیادتی میں ملوث چودہ عراقی پولیس اہلکاروں کے قتل کی ویڈیو جاری کردی ہے۔ پولیس اہلکاروں کو جمعرات کے روز اغواء کیا گیا اور جمعہ کے روز ان کی لاشیں بعقوبہ کی ایک گلی سے ملی تھیں تمام افراد کو سروں پر گولیاں ماری گئی تھیں قبل ازیں عراق میں القاعدہ کے رہنما ابو حمزہ المہاجر نے عراقی خاتون سے جنسی زیادتی میں ملوث عراقی پولیس اور فوجی اہلکاروں سے انتقام لینے کا اعلان کیا تھا۔

ادھر عراقی وزیراعظم نوری المالکی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ دو ہفتوں تک اپنی کابینہ میں تبدیلیاں لائیں گے اور شدت پسندوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ امریکی خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے عراقی وزیر اعظم نوری المالکی نے کہا کہ عراق کی حکومت آئندہ ہفتے منعقد ہونے والے علاقائی کانفرنس کی کامیابی کو یقینی بنائے گی۔

نوری المالکی نے کہا کہ عراقی کابینہ میں ردوبدل اس ہفتے یااگلے ہفتے میں کیا جائے گا تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کابینہ کے کتنے وزراکو ان کے عہدوں سے ہٹا یاجارہا ہے۔ عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ سمیت کئی اعلیٰ حکام کے خلاف شدت پسندوں کے ساتھ رابطوں کے الزام میں کارروائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں عراقی حکومت اور اتحادی افواج اس بات کا تعین کر رہی ہیں کہ سیاسی رہنماوٴں کو کن الزامات کے تحت گرفتار کیاجائے۔ وزیر اعظم نوری المالکی نے کہا کہ القاعدہ اور صدام حامیوں کے حملوں کے باوجود ان کی حکومت نے ملک میں کافی حد تک استحکام قائم کرلیا ہے۔