اسلام آباد میں 7 اسلامی ممالک کانفرنس پر سخت تحفظات ہیں،ایران،اسلام آباد کانفرنس کے حوالے سے تہران میں پاکستانی سفیر کو بھی دفتر خارجہ بلایا گیا تھا، اس کانفرنس نے بہت سے سوال جنم لئے ہیں، ایران ایٹمی مسئلہ پر پانچ مستقل ارکان اور جرمنی کیساتھ بات چیت کیلئے تیار ہے، ترجمان دفتر خارجہ محمد علی حسینی کی پریس بریفنگ

اتوار 4 مارچ 2007 18:51

اسلام آباد میں 7 اسلامی ممالک کانفرنس پر سخت تحفظات ہیں،ایران،اسلام ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2007ء) ایران نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں 7 اسلامی ممالک کے وزراء خارجہ اجلاس پر تہران کو تحفظات ہیں اس حوالے سے تہران میں پاکستانی سفیر کو دفتر خارجہ بلایا گیا تھا، ایران کے علاوہ دیگر اسلامی ممالک کو بھی اسلام آباد اجلاس پر تحفظات ہیں، ایٹمی پروگرام کے حوالے سے اسلامی کونسل کے 5 مستقل رکن اور جرمنی کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہیں، بغداد کانفرنس میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات ایجنڈے میں شامل نہیں ہیں، ایٹمی مسئلہ کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے خواہاں ہیں تاہم بلیک میل نہیں ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان محمد علی حسینی نے اتوار کو یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد میں سات اسلامی ممالک کی کانفرنس سے بہت سے تحفظات اور سوالات پیدا ہو رہے ہیں اگر یہ کانفرنس مشرق وسطیٰ کے بحران کے حل کے لئے بلائی گئی تو اس میں فلسطین ، شام اور لبنان کے وزراء خارجہ کو کیوں دعوت نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کانفرنس کے حوالے سے تہران میں پاکستان کے سفیر کو دفتر خارجہ بلایا گیا اور اس کانفرنس کے حوالے سے ایران نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران پڑوسی اسلامی ملک ہیں اور دونوں کے اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کانفرنس پر صرف ایران نہیں بلکہ دیگر اسلامی ملکوں کے بھی تحفظات ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عراق کے پڑوسی ملکوں کی کانفرنس ایران کی تجویز تھی عراق کے وزیر خارجہ کے دورہ تہران کے دوران ایران نے یہ تجویز پیش کی تھی ایران اس مجوزہ کانفرنس میں شرکت کرے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے ہمارے مذاکرات میں کوئی ڈیڈ لاک پیدا نہیں ہوا ایران چاہتا ہے کہ اس مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہاکہ ایران غیر مشروط طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن اور جرمنی کے ساتھ مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہے۔

عراق میں قومی سلامتی کے امور کی مجوزہ کانفرنس کے دوران امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات ایجنڈے میں شامل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے عراق کے مسئلہ پر ایران کے ساتھ بات چیت کے حوالے سے بہت سے چینل استعمال کئے ہیں عراق کے معاملہ پر امریکہ کے ساتھ بات چیت کے حوالے سے پیشکش کا جائزہ لیا جا رہاہے۔