پاک فوج کا کوہلو میں 3 سو بچوں کو میٹرک تک مفت تعلیم دلانے کا اعلان

پیر 5 مارچ 2007 14:28

پاک فوج کا کوہلو میں 3 سو بچوں کو میٹرک تک مفت تعلیم دلانے کا اعلان
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مارچ۔2007ء) پاک فوج نے بلوچستان کے ضلع کوہلو میں تین سو بچوں کو میٹرک تک مفت تعلیم دینے کا اعلان کیا ہے ہر بچے کو ماہانہ پانچ سو روپے وظیفہ دیا جائے گا جبکہ ہر بچے پر ماہانہ2700 روپے خرچ آئے گا۔ گزشتہ روز یہاں جی سی او کوئٹہ میجر جنرل محمد فاروق نے ایک تقریب میں اعلان کیا کہ پاک فوج ضلع کوہلو کے تین سو بچوں کو میٹرک تک مفت تعلیم دے گی انہوں نے بتایا کہ ہر بچے کو پانچ سو روپے ماہانہ وظفیہ دیا جائے گا جبکہ ہر بچے پر ماہانی خرچ 27 سو روپے آئے گا۔

میجر جنرل فاروق نے بتایا کہ تمام بچوں کو مفت کتابیں،سکول بیگ اور دیگر ضروریات کی چیزیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ نرسری اور کلاس ٹو کے بچوں کو تعلیم فاؤنڈیشن میں تعلیم دی جائے گی جبکہ کلاس تھری سے میٹرک تک فرنٹیئر کور کے سکولوں میں تعلیم دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان تعلیم کے حوالے سے پسماندہ ہے اس میں کل دس ہزار تین سو 43 پرائمری سکول ہیں جن میں 17340 اساتذہ ہیں جو کہ صوبے میں ضرورت سے انتہائی کم ہیں انہوں نے بتایا کہ صوبہ بلوچستان کی شرح خواندگی 36 فیصد ہے 56 فیصد ایسے بچے ہیں جن کو سکولوں کی عمارت میسر نہیں ہے جبکہ چھ ہزار سکول ایسے ہیں جہاں صرف ایک ایک استاد ہے۔

1037 سکول ایسے ہیں جہاں نہ چھت ہے اور نہ ہی چار دیواری میجرجنرل فاروق نے بتایا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے کوئی بھی ملک تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا انہوں نے کہا کہ پاک فوج اس سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :