پاکستان کی امداد کو دہشت گردی اور جمہوریت سے مشروط کرنے کا اقدام درست نہیں۔ بش انتظامیہ۔وزیرستان معاہدہ کے باوجود پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہترین کردار ادا کر رہا ہے ۔ رچرڈ باؤچر

جمعہ 9 مارچ 2007 14:42

پاکستان کی امداد کو دہشت گردی اور جمہوریت سے مشروط کرنے کا اقدام درست ..
واشنگٹن ( اردوپوئنٹ تازہ ترین اخبار09 مارچ2007) بش انتظامیہ نے پاکستان کی امداد کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش رفت اور جمہوریت کے حوالے سے مشروط کرنے کے اقدام کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہترین تعاون کر رہا ہے ‘ وزیرستان معاہدے کے مقاصد حاصل نہیں ہوں گے تاہم صدر جنرل پرویزمشرف کے حالیہ اقدامات درست سمت میں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار امریکہ کے نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیاء رچرڈ باؤچر نے گزشتہ روز سینٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ خارجہ امور کمیٹی کو افغانستان میں القاعدہ اور طالبان کے خلاف جاری کارروائی کے حوالے سے بریفنگ دی اور افغانستان میں طالبان کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے امریکی سینٹ میں پاکستان کی امداد کو دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں پیشرفت اور جمہوریت کے حوالے سے مشروط کرنے کے بل کی مخالفت کی اور کہا کہ اس کے باوجود کہ جنوبی وزیرستان میں قبائلیوں اور حکومت پاکستان کے معاہدہ سے دہشت گردی کنٹرول نہیں ہو سکی۔ پاکستان کا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تعاون مثالی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ وزیرستان معاہدہ کے مقاصد حاصل نہیں ہو سکے ہیں وزیرستان معاہدہ میں قبائلیوں نے غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن وہ ایس انہیں کر سکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردی کومکمل ختم کرنے کیلئے سرحد کے دونوں اطراف اور ہم سب کو مل کر مزید اقدامات اٹھانا ہوں گے صدرجنرل پرویز مشرف کے حالیہ اقدامات درست سمت میں ہیں ان حالات میں پاکستان کی امداد کو مشروط کرنے کا فیصلہ ٹھیک نہیں ہے۔