پاکستان ایران پر حملے کیلئے امریکہ کی کوئی مدد نہیں کریگا ۔ اعجاز الحق

جمعہ 9 مارچ 2007 18:36

پاکستان ایران پر حملے کیلئے امریکہ کی کوئی مدد نہیں کریگا ۔ اعجاز الحق
لاہور( اردوپوئنٹ تازہ ترین اخبار09 مارچ2007) وفاقی وزیر مذہبی امور اعجاز الحق نے گزشتہ روز داتا دربار کا دورہ کیا اور عرس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے علاوہ محفل سماع میں شرکت کی ۔وفاقی وزیر مذہبی امور نے نماز جمعہ جامع مسجد داتادربا ر میں ادا کی ۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی گئی ۔صوبائی وزیر مذہبی امور سید سعید الحسن شاہ اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اعجازالحق نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی دنیا میں امن قائم کر سکتے ہیں ۔ بزرگان دین کی تعلیمات کی وجہ سے ہزاروں لوگ دائرہ اسلام میں داخل ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام محبت امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور اسلام کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی دنیا میں امن اور باہمی بھائی چارے کی فضاء قائم کی جا سکتی ہے ۔ اعجاز الحق نے کہا کہ پاکستان ایران پر امریکی حملے کے خلاف ہے اور ہم کسی بھی صورت اسکی اجازت دیں گے اور نہ ہی پاکستان ایران پر حملے کیلئے امریکہ کی کوئی مدد کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کئے جائیں کیونکہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتی ۔

متعلقہ عنوان :