پاکستانی کھلاڑیوں کے ورلڈکپ کے دوران انگریزی بولنے پر پابندی

پیر 12 مارچ 2007 13:43

پاکستانی کھلاڑیوں کے ورلڈکپ کے دوران انگریزی بولنے پر پابندی
جمیکا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2007ء) پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ نے عالمی کپ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں پر پریس کانفرنسوں اور دیگر موقعوں پر ذرائع ابلاغ کے ساتھ انگریزی میں بات کرنے پر پابندی لگا دی ہے ۔پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ کے ذرائع ابلاغ سے رابط افسر پی جے میر نے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی ذرائع ابلاغ کے ساتھ اور خاص طور پر پریس کانفرنسوں کے دوران صرف اور صرف اردو میں بات کریں گے ۔

انہوں نے اس پابندی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سنہ دوہزار سات پاکستان میں سیاحت کے سال طور پر منایا جا رہا ہے اور پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کا عالمی کپ پاکستان کی قومی زبان کو متعارف کرانے کے لیے بہترین موقع ہے ۔پی جے میر نے مزید کہا کہ ٹرنیڈاڈ میں گیس لیک ہونے پر جب پاکستانی کھلاڑیوں کو ہوٹل سے باہر لیے جایا جا رہا تھا تو کسی غیر ملکی اخبار نویس نے ایک پاکستانی کھلاڑی کی بات صحیح طور پر نہیں سمجھا اور اس سے غلط بیان منسوب کیا۔

(جاری ہے)

ایک اخبار نویس نے جب دانش کنیریا سے اس واقعہ پر سوال کیا تو انہوں نے اس پر کہا دیا کہ ’اٹ ہیپنز، یعنی اس طرح ہوتا رہتا ہے ۔تاہم جب یہ خبر اخبار میں شائع کی گئی تو دانش کنیریا کہ حوالے سے لکھا تھا کہ اس طرح کے واقعات پاکستان میں ہوتے رہتے ہیں۔پی جے میر نے کہا کہ اس طرح کی صورت حال سے بچنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ اردو میں بات کی جائے ۔تاہم پاکستانی ٹیم کے کوچ باب وولمر اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :