سکھر ۔سندہ کے لاپتہ سیاسی کارکنوں اور ان کی بازیابی کے لئے نوٹس لینے والے چیف جسٹس کو غیر فعال بنانے کے خلاف اٹھارہ مارچ کو لانگ مارچ کرنے کا اعلان۔ جسقم

پیر 12 مارچ 2007 17:53

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2007ء) جسقم کے چیرمین بشیر خان قریشی نے اعلان کیا ہے کہ سندہ کے لاپتہ سیاسی کارکنوں اور ان کی بازیابی کے لئے نوٹس لینے والے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو غیر فعال بنانے کے خلاف جسقم اور سندہ کا عوام اٹھارہ مارچ کو سکھر سے کراچی تک احتجاجی پیدل لانگ مارچ کرے گا ۔

(جاری ہے)

سکھر پریس کلب میں ھنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پورے ملک کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں ان کی مرضی کے بغیر کام کرنے والہ چیف جسٹس بھی محفوظ نہیں تو عام سیاسی کارکن جو گئی برسوں سے لاپتہ ہیں ان کے لئے کون آواز بلند کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی انتقامی کاروائیوں سے بچنے کا واحد راستہ عدالتیں تھیں جن کو بھی حکمرانوں نے یرغمال بنالیا ہے لاپتہ کارکنوں کے بارے میں کسی ماتحت عدالت نے ھماری فریاد نہ سنی تو ھم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا اورچیف جسٹس نے نوٹس لیا تو خود بھی لاپٹہ ہو گئے انہوں نے عالمی انصاف کے اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے انہوں نے سندہ کی عوام سے اپیل کی کہ وہ اٹھارہ مارچ کے احتجاجی لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کریں تاکہ لاپتہ نوجوانوں کی بازیابی اور چیف جسٹس کو انصاف مل سکے۔