پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ باب وولمر کی پراسرار موت نیا رخ اختیار کرگئی،زہر دے کر قتل کرنے کا خدشہ

بدھ 21 مارچ 2007 11:39

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ باب وولمر کی پراسرار موت نیا رخ اختیار کرگئی،زہر ..
جمیکا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2007ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ باب وولمر کی پراسرار موت نیا رخ اختیار کرگئی،زہردے کر ہلاک کرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے‘تاہم اعلیٰ حکام نے اس خبر کی تصدیق نہیں کی ادھر جمیکن پولیس کے سربراہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ باب وولمرت کی موت کو مشکوک قرار دیاہے۔جمیکا میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے مختصر بیان پڑھ کر سناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی تھی کہ آیا ان کی موت طبعی تھی یا انہیں قتل کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ پیتھالوجسٹ کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے، اس کے بعد ہی کوئی حتمی بات کہی جا سکے گی۔وولمر کی موت کو مشکوک قرار دینے کی وجہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیونکہ لاش کے دیگر حصوں کے پوسٹ مارٹم سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کی موت طبعی نہیں ہے اوریہ شک کیا جا رہا ہے کہ انہیں ہلاک کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

ادھر جمیکن پولیس نے پاکستانی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی بڑھادی ہے۔

پاکستان کرکٹ بور ڈ کے میڈیا منیجر پی جے میر نے کہا ہے کہ پولیس باب وولمر کی موت کو مشتبہ قرار دے رہی ہے اورانہیں زہردیے جانے کے حوالے سے تحقیق کر رہی ہے۔پی جے میر نے اس بات کی تردید کی کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ہوٹل سے باہر جانے سے منع کر دیا گیا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ باب وولمر کی موت کی تحقیقات میں کسی پاکستانی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا جا رہا۔

پاکستانی ٹیم کے منیجر طلعت علی نے کہا کہ وولمر کی موت کو مشکوک کہا ہے اورپولیس اس ضمن میں مزید تحقیق کر رہی ہے۔انہوں نے وولمر کو زہر دے کر ہلاک کیے جانے کی اطلاعات سے لا علمی کا اظہار کیا۔طلعت علی نے کہا کہ کھلاڑیوں کی نقل و حمل پر کوئی پابندی نہیں۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑی صبح تک نارمل ہو جائیں گے اوروہ زمبابوے کے خلاف میچ میں حصہ لیں گے۔باب وولمر کے پوسٹ مارٹم کی دوسری رپورٹ سے ان کی موت کی تحقیقات نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے اور دنیا کی نظریں اب ان کی موت کو مشکوک دیئے جانے کی وجہ جاننے میں لگی ہوئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :