ون ڈے اور ٹیسٹ کیلئے الگ الگ کپتان ۔ کوچ مقامی ہوگا ۔۔ یونس خان رزاق یا شعیب ملک ون ڈے ٹیم کے کپتان مقرر کئے جانے کا امکان کوچ کی دوڑ میں مشتاق محمد ۔ انتخاب عالم اور جاوید میاں داد میں مقابلہ

بدھ 21 مارچ 2007 12:03

ون ڈے اور ٹیسٹ کیلئے الگ الگ کپتان ۔ کوچ مقامی ہوگا ۔۔ یونس خان رزاق ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21 مارچ 2007) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک روزہ میچوں اور ٹیسٹ کیلئے علیحدہ علیحدہ کپتان مقرر کئے جائیں گے یونس خان کو ٹیسٹ عبدالرزاق یا شعیب ملک کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنائے جانے کا امکان ہے ۔ جبکہ کوچ کے تقرر کیلئے مقامی ٹیسٹ کرکٹر کی خدمات حاصل کرنے پر غور کیا جارہا ہے اس حوالے سے سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق محمد اور انتخاب عالم مضبو ط امیدوار ہیں ۔

اس دوڑ میں جاوید میاں داد کا نام بھی شامل ہے ۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے نئے کوچ اور کپتان کا تقرر مارچ کے مہینے میں ہی کردیا جائے گا کیونکہ پاکستان ٹیم نے مئی میں ابوظہبی میں ون ڈے سیریز کھیلنی ہے ۔ جس میں سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں بھی شریک ہوں سری لنکا نے سیریز کھیلنے کے لئے حامی بھرلی ہے تاہم جنوبی افریقہ نے فی الحال معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیا ہوا ہے اس حوالے سے پی سی بی کا غیر معمولی اجلاس 31 مارچ کو لاہور میں منعقد ہوگا اجلاس میں تنخواہ دار کمیٹی کے ارکان اور نئے کوچ کے تقرر پر غور کیا جائیگا ۔