حکومت نے وکلاء کو آئینی اور قانونی امور پر مذاکرات کی دعوت دے دی ، اپوزیشن کی وکلاء کو حکومت کے مقابل کھڑا کر کے سیاسی مقاصد حاصل کر نے کی سازش ناکام ہوگئی ہے،محمد علی درانی

بدھ 21 مارچ 2007 20:59

حکومت نے وکلاء کو آئینی اور قانونی امور پر مذاکرات کی دعوت دے دی ، اپوزیشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2007ء) حکومت نے وکلاء کو آئینی اور قانونی امور پر مذاکرات کی دعوت دے دی ہے اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ اپوزیشن وکلاء کو عدلیہ کے مقابل کھڑا کر کے اپنے سیاسی مقاصد چاہتی ہے،مگر وکلاء نے اپوزیشن کی منفی سیاست کاحصہ نہ بن کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے خلاف سازش کو ناکام بنا دیا ہے،اس پر ہم وکلاء کے شکر گزار ہیں وہ بدھ کو پی آئی ڈی میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے اس موقع پرپرنسپل انفارمیشن آفیسر رشید احمد چوہدری بھی موجودتھے ۔

(جاری ہے)

محمد علی درانی نے کہاکہ اپوزیشن نے پاکستان کے خلاف جو سازش تیار کی تھی وہ عوام نے سڑکوں پر نہ آ کر ناکام بنا دی ہے اور یہ بات کھل کر سامنے آ گئی ہے کہ پاکستان کے عوام کی اکثریت صدر پرویز مشرف کی پالیسیوں کے ساتھ ہے آج سڑکوں پر صرف چند لیڈر اور جھنڈے نظر آئے ہیں انہوں نے کہاکہ ایک آئینی اقدام کے خلاف اپوزیشن نے جس سازش کا آغاز کیا اپوزیشن بتائے کہ اس کے پیچھے کون ہے جو ان سے یہ کر دارکرا رہا ہے اپوزیشن کی منفی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا ہے اپوزیشن قائدین عوام سے کیا وہ ایک دوسرے سے بھی مخلص نہیں دس بیس اور پچاس کی ٹولیوں میں کھڑے ہوئے اپوزیشن لیڈر عبرت کا نشان بنے ہوئے نظر آئے تمام میڈیا نے یہ مناظر عوام کو دکھائے کہ اپوزیشن باہم تقسیم ہے ان کی تقسیم صرف ڈرائنگ روم تک ہی نہیں سڑکوں پر بھی ہے شخصی مفادات کے گرد گھومتی ہوئی سیاست کا انجام اسی قسم کا ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت عدلیہ کا احترام کرتی ہے اور عدلیہ کا تقدس حکومت کی ذمہ داری ہے آئین کا تقدس بھی ہماری ذمہ داری ہے اپوزیشن بتائے کہ سپریم کورٹ کے دروازے بند کر کے وہاں اپنی سیاست چمکانا کونسی جمہوریت کا حصہ ہے انہوں نے وکلاء برادری کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے آپ کو اپوزیشن سے دوررکھا اور اپوزیشن کی منفی سیاست کا حصہ نہیں بنے انہوں نے کہاکہ اگر وکلاء برادری ایسا نہ کرتی وہ اپوزیشن کی سیاست کی لپیٹ میں آجاتی اپوزیشن وکلاء کو عدلیہ کے مقابل کھڑا کر کے اپنے سیاسی مقاصد چاہتی ہے محمد علی درانی نے کہا کہ بہت جلد وکلاء برادری حکومت کا موقف سمجھنے اور اپنا موقف سمجھانے میں کامیاب ہو گی انہوں نے وکلاء برادری کو دعوت دی کہ وہ آئیں اور حکومت سے بات چیت کریں حکومت تمام اقدامات آئین اور قانون کے مطابق کررہی ہے آئینی اور قانونی امور سڑکوں پر حل نہیں ہوئے مذاکرات کے لئے ایک دوسرے کو سمجھنے اور سمجھانے کی ضرورت ہے تمام بار ایسوسی ایشنوں کو چاہیے کہ وہ آئیں اور ہم سے بات کریں وکلا ء اس سازش کو ناکام بنائیں جو پاکستان،پاکستانی عوام کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ بننے کے لئے ہے ایک سوال کے جواب میں محمد علی درانی نے کہاکہ میں وکلاء کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور جس جگہ ہم سے بات کر نا چاہئیں ہم سے بات کریں جسٹس بھگوان داس کے حلف اور دیگر امور سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جو آئینی امور ہیں اس حوالے سے لاء ڈیپارٹمنٹ اور قائمقام چیف جسٹس کی طرف سے بیانات آچکے ہیں حکومت آئین اور قانون پر عمل کرے گی انہوں نے کہاکہ (آج ) بدھ کو سماعت نہیں تھی مگر اس کے باوجود اپوزیشن رہنماؤں نے سڑکوں پر آنے کااعلان کیا لیکن عوام نے ان کو کیا رسپانس دیا وہ سب نے دیکھا اپوزیشن سازش کررہی تھی جس میں وہ ناکام بنایا گیا غیر فعال چیف جسٹس سے پولیس کی بدسلوکی سے متعلق سوال پر جواب میں وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ اس معاملے کی عدالتی تحقیقات جاری ہیں سپریم کورٹ نے از خود اس کا نوٹس لیا ہے یہ عاملہ عدالت میں ہے لہذا اس پر کوئی بات نہیں کروں گا ۔

متعلقہ عنوان :