مجلس عمل نے اے آر ڈی کے ملک گیر احتجاج کی حمایت کا اعلان کردیا۔آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔3اپریل کو سپریم کورٹ کے باہر دھرنا ضرور دینگے‘ مجلس عمل پوری طرح متحد ہے۔حکومت مخالف تحریک کو طاقت کے ذریعے روکا گیا تو حالات کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی‘ متحدہ مجلس عمل کے صدر قاضی حسین احمد کا نوشہرہ میں پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 25 مارچ 2007 15:59

مجلس عمل نے اے آر ڈی کے ملک گیر احتجاج کی حمایت کا اعلان کردیا۔آئین ..
نوشہرہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین25 مارچ 2007) متحدہ مجلس عمل کے صدر اور امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے اے آر ڈی کی کال پر آج ملک گیر ہونے والے احتجاج کی حمایت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجلس عمل عدلیہ اور قانون کی بالادستی اور آئین و جمہوریت کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی‘ جسٹس افتخار کو غیر فعال کئے جانے کیخلاف 3 اپریل کو سپریم کورٹ کے باہر ضرور دھرنا دیں گے۔

وہ اتوار کے روز یہاں نوشہرہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

قاضی حسین احمد نے کہا کہ مجلس عمل اے آر ڈی کی کال پر آج ہونیوالے ملک گیر احتجاج میں بھرپور حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور قانون کی بالادستی جبکہ آئین و جمہوریت کی بحالی کیلئے پرامن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس افتخار کو غیر فعال بنانے کا اقدام غیر قانونی ہے اور مجلس عمل تین اپریل کو ریفرنس کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دیگی۔

قاضی حسین احمد نے کہا کہ بعض اخبارات اور ایجنسیاں میرے بیانات کو غلط انداز سے پیش کررہے ہیں مجلس عمل پوری طرح متحد ہے اور حکومت مخالف تحاریک کو جاری رکھا جائے گا اور اگر حکمرانوں نے طاقت کے ذریعے ہمیں پرامن احتجاج سے روکنے کی کوشش کی تو حالات کی ذمہ داری ان پر عائد ہوگی۔