ججز اور وکلاء بغیر کسی دباؤ کے اپنے فرائض سرانجام دیں۔ جسٹس افتخار چوہدری۔۔سندھ کے وکلاء اور عوام کی محبتیں ہمیشہ یاد رکھوں گا، غیر فعال چیف جسٹس کی مورو میں مختصر قیام کے دوران چائے کی دعوت کے موقع پر گفتگو

اتوار 15 اپریل 2007 18:19

نوشہرو فیروز (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین15اپریل2007 ) غیر فعال چیف جسٹس جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ جج صاحبان اور وکلاء بغیر کسی دباؤ کے اپنے فرائض سرانجام دیں، سندھ کے وکلاء اور عوام کی محبتیں ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں سکھر سے حیدر آباد جاتے ہوئے راستے میں مورو کے مقام پر مختصر قیام کے دوران نوشہرو فیروز کے معروف وکلاء شعبان زرداری، میر نواز کلہوڑو، محبوب علی، محمد سلیمان اور صدر الدین احسن کی جانب سے چائے کی دعوت میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس دوران وکلاء اور دیگر لوگوں کی بڑی تعداد نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ جسٹس افتخار محمد چوہدری نے سندھ کے وکلاء اور عوام کی جانب سے شاندار استقبال کرنے اوران کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اس دوران افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ وہ سندھ کے عوام اور وکلاء کی محبتیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وکلاء اورجج صاحبان سے کہا کہ وہ بغیر کسی دباؤ کے اپنا کام جاری رکھیں اور اپنے فرائض ادا کریں جبکہ مورو میں مختصر قیام کے بعد وہ حیدر آباد روانہ ہوگئے حیدر آباد پہنچنے پر غیر فعال چیف جسٹس کا سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور وکلاء نے والہانہ استقبال کیا اور ان کی گاڑی پر پھول نچھاور کئے۔

اس موقع پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے اور ان کے ساتھ پولیس کی پروٹوکول گاڑی بھی تھی ۔