چیف جسٹس لاہورروانہ،جی ٹی روڈ پہنچنے پر والہانہ استقبال، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ راولپنڈی سے وکلاء کی سینکڑوں گاڑیاں چیف جسٹس کے قافلے میں شامل ہو گئیں

ہفتہ 5 مئی 2007 12:46

چیف جسٹس لاہورروانہ،جی ٹی روڈ پہنچنے پر والہانہ استقبال، پھولوں کی ..
اسلام آباد+روات (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار05 مئی2007) چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کا قافلہ لاہور کیلئے روانہ ہو گیا ہے۔ چیف جسٹس کو اسلام آباد سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل کے عہدیداروں اور سینئر وکلاء کے ہمراہ لاہور کیلئے روانہ ہوئے۔ جی ٹی روڈ پہنچنے پر راولپنڈی کے وکلاء نے چیف جسٹس کا والہانہ استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

وکلاء چیف جسٹس کی گاڑی پر چڑھ گئے اور شدید نعرے بازی کی۔ راولپنڈی سے وکلاء کی سینکڑوں گاڑیاں چیف جسٹس کے جلوس میں شامل ہو گئی ہیں ۔ روات پہنچنے پر عوام نے چیف جسٹس کا والہانہ استقبال کیا اور ان کے حق میں شدید نعرے بازی کی ۔ لوگوں کی بڑی تعداد چیف جسٹس کی جھلک دیکھنے کیلئے جی ٹی روڈ پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

افتخار محمد چوہدری نے ہاتھ ہلاکر لوگوں کے نعروں کا جواب دیا۔

اس موقع پراعتزاز احسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایسی گاڑیاں بھیجی ہیں جن پر جامر لگے ہیں تاکہ نشریات جام کی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ لاہور میں چیف جسٹس افتخار چوہدری کے استقبا ل کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ، اور ان کے خطاب کیلئے 10 فٹ اونچا اسٹیج تیار کیا گیا ہے ، اسلام سے لاہور آتے ہوئے راستے میں آنے والے مختلف شہروں میں استقبالی کیمپ لگا ئے گئے ہیں ، ادھر پنجاب کے ایک سینئر صوبائی عہدیدار نے بتایا کہ حکومت نے کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے حکومت نے 500 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے ، چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس افتخار محمد چودھری کی لاہور آمد اور لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب کے موقع پر پنجاب بار کونسل نے صوبہ بھر میں عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے ۔

پنڈال میں 5 ہزار سے زیادہ وکلاء کے بیٹھنے کی گنجائش بنائی گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 50 ہزار سے زیادہ افراد کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ وکلاء اور اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں نے جی ٹی روڈ اور پھر لاہور میں چیف جسٹس پاکستان کے والہانہ استقبال کی تیاریاں کی ہیں۔ چیف جسٹس سوہاوہ، گوجرخان، جہلم، کھاریاں، سرائے عالمگیر، گجرات، وزیرآباد، گوجرانوالہ اور فیروزوالہ میں وکلا ء اور اپنے استقبال کیلئے آنے والے سیاسی کارکنوں سے بھی خطاب کریں گے۔

گجرات میں چیف جسٹس مختصر قیام کرکے لاہور کی طرف روانہ ہوں گے۔ لاہور کی طرف روانگی کے ساتھ ساتھ وکلاء اور سیاسی جماعتوں کے جلوس بھی چیف جسٹس کے جلوس میں شامل ہوتے جائیں گے اور فیروزوالہ سے چیف جسٹس پاکستان کو ایک بہت بڑے جلوس کی شکل میں لاہور ہائیکورٹ لایا جائے گا۔