امریکی سینٹ نے عراق سے فوجی انخلاء کا بل بھاری اکثریت سے مسترد کردیا۔ڈیموکریٹ رکن کی جانب سے پیش کردہ ترمیمی بل کے حق میں صرف 29 ووٹ ڈالے گئے‘ 67 ارکان نے مخالفت کی۔عراق میں دہشت گردوں کی شکست تک انخلاء کا مطالبہ بے وقوفانہ ہے‘ امریکی سینٹ میں ری پبلکن سربراہ کی بات چیت

جمعرات 17 مئی 2007 12:06

امریکی سینٹ نے عراق سے فوجی انخلاء کا بل بھاری اکثریت سے مسترد کردیا۔ڈیموکریٹ ..
واشنگٹن (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار17 مئی2007) امریکی سینٹ نے عراق سے تمام فوجیوں کے انخلاء اور جنگی مقاصد کے لئے فنڈز روکنے کی مخالفت کردی اور اس بات پر زور دیا ہے کہ عراق میں استحکام کے لئے متبادل ذرائع پر بھی غور کیا جائے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز امریکی سینٹ میں ڈیموکریٹک سینیٹر رس فین گولڈ کی جانب سے پیش کردہ ترمیمی بل کی حمایت میں صرف 29 ووٹ ڈالے گئے 67 ممبران نے بل کی مخالفت کی ۔

بل کے ذریعے مطالبہ کیا گیا تھا کہ عراق سے تمام فوجیوں کو واپس بلایا جائے اور جنگی مقاصد کے لئے فنڈز روکے جائیں۔ بل میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کیلئے یہ وقت موزوں ہے کہ عراق جنگ کا باب مکمل طور پر بند کیا جائے کیونکہ یہ اب امریکی سلامتی کے لئے بھی خطرہ بنتا جارہا ہے اور ملک کو اقتصادی لحاظ سے دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس بار عراق جنگ کے مخالف سینیٹروں کی تعداد میں 2002ء کی نسبت اضافہ دیکھنے میں آیا 2002ء میں عراق جنگ سے متعلق بل کی صرف 23 ممبران نے مخالفت کی تھی۔

امریکی سینٹ میں ری پبلکن سربراہ میچمیک کونل نے بتایا کہ ڈیموکریٹ کے بل کا مسترد ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ امریکہ کے دشمنوں کو فری ہینڈ نہیں دیا جاسکتا انہوں نے بتایا کہ عراق میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک انخلاء کا مطالبہ بے وقوفانہ ہے۔ واضح رہے کہ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے اعداد و شمار کے مطابق عراق پر 2003ء میں امریکی قبضے سے لے کر اب تک 3400 امریکی فوجی ہلاک اور 3400 زخمی ہوچکے ہیں ڈیموکریٹس کا مطالبہ ہے کہ عراق سے فوجوں کو واپس بلا کر سکیورٹی کے انتظامات عراقی حکومت کے حوالے کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :