عراق‘ 3 امریکی فوجیوں اور 2صحافیوں سمیت 16 افراد ہلاک‘ 25 لاشیں برآمد۔ برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر غیر اعلانیہ طور پر عراق کے الوداعی دورے پر بغداد پہنچ گئے ۔عراقی قیادت اور اتحادی فوجی حکام سے ملاقاتیں کریں گے

ہفتہ 19 مئی 2007 14:32

عراق‘ 3 امریکی فوجیوں اور 2صحافیوں سمیت 16 افراد ہلاک‘ 25 لاشیں برآمد۔ ..
بغداد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار19 مئی2007) عراق میں بم دھماکوں اور تشدد کے مختلف واقعات میں مزید تین امریکی فوجیوں اور دو امریکی صحافیوں سمیت سولہ افراد ہلاک جبکہ دارالحکومت کے مختلف علاقوں سے پچیس افراد کی لاشیں ملی ہیں‘ ادھر برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر غیر اعلانیہ الوداعی دورے پر عراقی دارالحکومت بغداد پہنچ گئے جہاں وہ وزیراعظم نوری المالکی سے ملاقات کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی پولیس نے بتایا کہ صوبہ دیالا کے قصبے وندالی میں مزاحمت کاروں نے فائرنگ کرکے سات افراد کو ہلاک کردیا فائرنگ سے کئی افراد شدید زخمی بھی ہوگئے۔ ادھر صوبہ دیالا ہی میں امریکی فوجی گاڑی کے قریب بم دھماکہ کیا گیا جس کے نتیجے میں تین امریکی فوجی مارے گئے کرکوک میں مسلح افراد کے حملے اور سڑک کے کنارے بم پھٹنے سے ایک پولیس اہلکار ہلاک اور چھ شہری شدید زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

دارالحکومت بغداد میں کار بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔ دیوانیہ میں فورسز اور مہدی ملیشیا کے درمیان جھڑپوں میں ایک عراقی فوجی ہلاک اور پانچ شہری زخمی ہوگئے۔ ادھر دارالحکومت بغداد کے مختلف علاقوں سے پچیس افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں نامعلوم افراد نے تشدد کے بعد گولی مار کر قتل کردیا تھا۔ عراقی پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونیوالوں کے جسم پر گولیوں اور تشدد کے نشان موجود تھے۔

ادھر دارالحکومت بغداد ہی میں نامعلوم مسلح افراد نے امریکی خبر رساں ادارے سے منسلک دو صحافیوں کو قتل کردیا صحافیوں کے تحفظ سے متعلق امریکی ادارے کے حکام نے ہلاک ہونیوالوں کے نام 33سالہ علاؤ الدین عزیز( کیمرہ مین) اور سیف یوسف (رپورٹر) ظاہر کئے ہیں حکام کے مطابق دونوں افراد ہوٹل واپس لوٹ رہے تھے کہ مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر حملہ کردیا فائرنگ سے دونوں صحافی شددی زخمی ہوگئے تاہم بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئے۔

ادھر برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر امریکہ کا دورہ ختم کرنے کے بعد غیر اعلانیہ دورے پر ہفتے کی صبح عراق پہنچ گئے جہاں وہ عراقی وزیراعظم نوری المالکی اور اتحادی فوج کے اعلیٰ حکام سے الوداعی ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ ٹونی بلیئر نے 27 جون کو وزارت عظمیٰ کا منصب چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔