سری لنکا‘ خودکش حملہ‘ خونریز جھڑپیں‘ 40فوجی‘ 24 باغی ہلاک۔ باغیوں کا نیول بیس پر قبضہ‘ ریڈ کراس نے تشدد زدہ علاقے سے سٹاف واپس بلا لیا

جمعرات 24 مئی 2007 13:21

سری لنکا‘ خودکش حملہ‘ خونریز جھڑپیں‘ 40فوجی‘ 24 باغی ہلاک۔ باغیوں ..
کولمبو (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار24 مئی2007) سری لنکا میں سکیورٹی فورسز اور باغیوں کے درمیان خونریز جھڑپوں اور خودکش حملوں میں چالیس فوجی اہلکاروں سمیت 62 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ باغیوں نے ایک نیول بیس پر قبضہ کرلیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں گزشتہ روز سکیورٹی فورسز اور باغیوں کے درمیان خونریز جھڑپوں میں چالیس فوجی اور 24 تامل باغی ہلاک ہوگئے۔

تامل باغیوں کے ترجمان نے کولمبو میں امریکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ باغیوں نے ملک کے شمالی علاقے دیلفٹ میں ایک نیول بیس پر قبضہ کرلیا اس دوران سری لنکن آرمی اور تامل ٹائیگرز میں شدید لڑائی چھڑ گئی جس کے نتیجے میں 35 فوجی اہلکار مارے گئے جبکہ کثیر تعداد میں زخمی ہوگئے۔ ترجمان نے جھڑپ میں باغیوں کے نقصان کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سرکاری حکام نے اسے باغیوں کی جانب سے محض ایک پراپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جھڑپ میں کوئی فوجی اہلکار ہلاک نہیں ہوا جبکہ بارہ تامل باغیوں کو ہلاک کردیا گیا ہے ایک اور واقعہ میں خودکش تامل باغی نے فوجی بس پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے پولیس اور ہسپتال ذرائع کے مطابق خودکش حملہ دارالحکومت کولمبو کے نواح میں بندرگاہ کے قریب ہوا جب موٹر سائیکل پر سوار خودکش تامل باغی نے اپنے آپ کو فوجی بس سے ٹکرا دیا دھماکے میں دو فوجی اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں جس کے نتیجے میں بارہ باغی اور دو فوجی مارے گئے۔ جبکہ ایک اور واقعہ میں ایک فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ ادھر ریڈ کراس نے ملک میں کشیدہ صورتحال کے باعث شمالی سری لنکا کے علاقے سے اپنا سٹاف واپس بلا لیا ہے۔