عراق، پرتشدد واقعات کے دوران 61 افراد ہلاک، 45 زخمی،فلوجہ میں ایک خودکش حملہ آور نے بارودی سرنگ سے بھری اپنی گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے باعث 40 افراد ہلاک ہوئے۔اپ ڈیٹ

جمعرات 24 مئی 2007 23:49

عراق، پرتشدد واقعات کے دوران 61 افراد ہلاک، 45 زخمی،فلوجہ میں ایک خودکش ..
بغداد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مئی۔2007ء) عراق میں خودکش کار بم دھماکے اور تشدد کے دیگر واقعات میں دو امریکی فوجیوں سمیت 61 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہوگئے۔ جبکہ امریکی صدر بش نے کہا ہے کہ القاعدہ اب بھی امریکی شہروں میں حملے کرسکتی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعرات کے روز عراق کے شہر فلوجہ میں ایک خودکش حملہ آور نے بارودی سرنگ سے بھری اپنی گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

دھماکا اس وقت ہوا جب درجنوں افراد قبائلی رہنما کے بھتیجے کی نماز جنازہ میں شرکت کرکے مسجد سے نکل رہے تھے۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی جگہ پر سینکڑوں لوگ جمع تھے۔ واقعے کے بعد بھگدڑ مچنے سے بھی متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر متعدد افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

دارالحکومت بغداد کے شمالی علاقہ حی الشعلہ میں بس پر فائرنگ کی گئی ، واقعے میں گیارہ مسافر مارے گئے جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے۔

دہشت گردوں نے کئی لاشیں بس سے نکال کر نذر آتش کردیں۔اورجائے وقوعہ پر آنے والے دوپولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ کرکوک کے نواحی علاقہ سلیمان بیک کے پولیس چیف طالب البیاتی کے قافلے پر بم حملہ کیا گیا ، واقعے میں انکے چھ محافظ مارے گئے جبکہ پولیس چیف زخمی ہوئے۔ادھر فوج کے بیان کے مطابق گزشتہ روز مغربی صوبہ الانبار میں مزاحمت کاروں کے ساتھ جھڑپ میں دو امریکی فوجی ہلاک ہوگئے بیان میں جھڑپ کی تفصیلات نہیں دی گئیں۔